• KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am
  • KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am

پنڈی ٹیسٹ دوسرا روز: پاکستان کی پہلی اننگز 448 رنز ڈیکلیئر، بنگلہ دیش نے 27 رنز بنالیے

شائع August 22, 2024

پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز 6 وکٹوں کے نقصان پر 448 رنز بنانے کے بعد ڈیکلیئر کردی جب کہ دن کے اختتام تک بنگلہ دیش نے بغیر کسی نقصان کے 27 رنز بنالیے۔

راولپنڈی میں جاری ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے دوسرے روز جب اپنی اننگز 6 وکٹ کے نقصان پر 448 رنز پر ڈیکلیئر کی تو محمد رضوان 171 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے، نائب کپتان سعود شکیل نے بھی 141 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے اننگز ڈیکلیئر کرنے کے بعد دوسرے روز بنگلہ دیش نے 12 اوورز کھیلے جس میں وہ بغیر کسی نقصان کے 27 رنز بنانے میں کامیاب رہے، بنگلہ دیشی اوپنر شادمان اسلام 12 اور ذاکر حسن 11 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

اس سے قبل، پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز قومی ٹیم نے 4 وکٹوں پر 158 رنز پر بیٹنگ کا آغاز کیا، پہلے سیشن میں محمد رضوان نے پُراعتماد بلے بازی کرتے ہوئے اپنی نصف سینچری بنائی۔

دوسرے روز کھانے کے وقفے فوراً بعد محمد رضوان اور سعود شکیل نے اپنی سینچریاں مکمل کیں، سعود شکیل 261 گیندوں پر 141 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔

محمد رضوان نے آغا سلمان کے ساتھ ملکر اسکور کو آگے بڑھایا اور اپنے 150 رنز مکمل کیے، آغا سلمان 19 رنز بنانے کے بعد شکیب الحسن کا شکار بنے۔

جس کے بعد شاہین آفریدی نے 24 گیندوں پر 29 رنز کی جارحانہ بلے بازی کی تاہم کپتان شان مسعود نے اننگز ڈیکلیئر کرنے کا اشارہ کردیا، محمد رضوان 171 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے حسن محمود اور شریف الاسلام نے 2،2 جب کہ شکیب الحسن اور مہدی حسن رضا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان راولپنڈی میں جاری پہلا ٹیسٹ میچ گیلی آؤٹ فیلڈ کے باعث تاخیر سے شروع ہوا تھا۔

کھیل کے آغاز پر ہی مہمان ٹیم کو پہلی کامیابی اس وقت ملی جب عبداللہ شفیق 2 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

ان کے بعد کپتان شان مسعود بھی صرف 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جب کہ بابر اعظم بغیر کوئی بنائے آؤٹ ہوئے۔

16 رنز ہر تین وکٹیں گنوا کر پاکستانی ٹیم شدید مشکلات سے دوچار تھی اور اس مرحلے پر نوجوان صائم ایوب کا ساتھ دینے سعود شکیل آئے اور دونوں نے سنبھل کر بیٹنگ کرنا شروع کی۔

دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کیا اور چوتھی وکٹ کے لیے 98 رنز کی شراکت قائم کی جبکہ اس دوران صائم نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی نصف سنچری بھی مکمل کر لی تھی۔

جب خراب روشنی کے باعث کھیل قبل از وقت ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تو پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے تھے، سعود شکیل 57 اور محمد رضوان 24 رنز بنا کر وکٹ پر موجود تھے۔

پاکستان پلیئنگ الیون

عبداللہ شفیق۔ صائم ایوب ۔ شان مسعود (کپتان) بابر اعظم ۔ سعود شکیل ( نائب کپتان) محمد رضوان ( وکٹ کیپر) سلمان علی آغا ۔ شاہین شاہ آفریدی ۔ نسیم شاہ ۔ خرم شہزاد اور محمد علی۔

بنگلہ دیش اسکواڈ

نجم الحسن شانتو (کپتان)، حسن محمود، لٹن داس، مہدی حسن میراز ، مومن الحق، مشفق الرحیم، ناہید رانا، نعیم حسن، شادمان اسلام، شکیب الحسن، شریف الاسلام، سید خالد احمد، تائجو الاسلام اور ذاکر حسن۔

میچ آفیشلز

ایڈرین ہولڈ سٹوک اور رچرڈ کیٹلبرو ( آن فیلڈ امپائرز) مائیکل گف (تھرڈ امپائر) راشد ریاض ( فورتھ امپائر) اور رنجن مدوگالے (میچ ریفری)

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024