• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

تحریک انصاف کا آج اسلام آباد میں ہونے والا جلسہ ملتوی

شائع August 22, 2024
—فائل فوٹو: اے ایف پی
—فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آج اسلام آباد میں ہونے والا جلسہ ملتوی کردیا۔

ڈان نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اعظم سواتی نے چیئرمین بیرسٹر گوہر کی موجودگی میں جلسہ ملتوی کرنےکا اعلان کیا۔

اعظم سواتی نے بتایا کہ عمران خان کی ہدایت پر آج ملتوی ہونے والا جلسہ اب 8 ستمبر کو ہوگا۔

دوسری جانب رہنما شعیب شاہین نے میڈیا گفتگو کے دوران جلسہ منسوخی کے سوال پر جواب دیا کہ مجھے جلسہ منسوخ ہونے کی اطلاع نہیں ملی ، ہم نے توہین عدالت کی درخواست دی ہے، انہیں جیل میں بھیجیں گے، جلسے سے متعلق میں ابھی قیادت سے انفارمیشن لیتا ہوں۔

قبل ازیں لاہور میں تحریک انصاف کے کارکن اسلام آباد روانگی کے لیے ٹھوکر پر جمع ہونا شروع ہوئے تو پولیس لاہور سے کارکنوں کو اسلام آباد جانے سے روکنے کے لیے ٹھوکر پر جمع ہوگئی، پولیس نے لاہور کی جنرل سیکرٹری خواتین ونگ سمیت 2 خواتین اور ڈائیور کو حراست میں لے لیا۔

پی ٹی آئی کے ممکنہ جلسے کے پیش نظر انتظامیہ اورپولیس کی جانب سے مین جی ٹی روڈ پرکنٹینرز بھی رکھ دیےگئے تھے، سڑک کے دونوں اطراف کنٹینرز رکھنے سے عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ممکنہ جلسے کے پیش نظر جلسہ گاہ کو بھی کھود دیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ راولپنڈی میں راستوں کی بندش کے ساتھ ساتھ جڑواں شہروں کے لیے میٹرو بس سروس بھی معطل کردی گئی تھی، میٹرو بس سروس آج مکمل طور پر بند رہے گی ۔

علاوہ ازیں ضلعی انتظامیہ نے اسلام آباد میں تمام نجی اور پرائیوٹ سکولوں میں 22 اگست کو تعطیل کا اعلان کردیا تھا، ڈی سی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کی حدود میں تعلیمی اداروں میں عام تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری ہوگیا ہے۔

قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت رات گئے امن و امان کاجائزہ لینے سے متعلق اعلی سطح کا اجلاس منعقد کیا گیا تھا، اجلاس میں محسن نقوی نے کہا تھا کہ کسی کو ریڈ زون میں آنے کی اجازت نہیں دے سکتے، امن عامہ برقرار رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے، احتجاج کرنا ہر ایک کا حق ہے مگر احتجاج مناسب جگہ پر ہونا چاہیے۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ احتجاج سے عوام کے روز مرہ معمولات میں خلل نہیں پڑنا چاہیے، عوام کے جان ومال کا تحفظ پہلی ذمہ داری ہے، عوام کے جان و مال کے لیے قانون کی عملداری کو یقینی بنایاجائے گا، قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو وفاقی دارالحکومت میں جلسے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا تھا تاہم پی ٹی آئی نے فیصلہ ماننے سے انکار کرتے ہوئے آج 4 شام بجے ترنول چوک پشاور روڈ پر جلسے کا اعلان کر دیا تھا۔

بعد ازاں حکومت پنجاب نے صوبے میں 3 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے پنجاب بھر میں جلسے جلوسوں، ریلیوں، دھرنوں اور احتجاج پر پابندی عائد کردی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024