• KHI: Asr 4:51pm Maghrib 6:34pm
  • LHR: Asr 4:22pm Maghrib 6:06pm
  • ISB: Asr 4:27pm Maghrib 6:11pm
  • KHI: Asr 4:51pm Maghrib 6:34pm
  • LHR: Asr 4:22pm Maghrib 6:06pm
  • ISB: Asr 4:27pm Maghrib 6:11pm

وجاہت رؤف بھارتی فلموں کو پاکستانی سینماؤں میں دیکھنے کے منتظر

شائع August 21, 2024
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

معروف پاکستانی فلم ساز وجاہت رؤف نے پاکستانی سینماؤں میں بھارتی فلموں کی نمائش کی خواہش ظاہر کردی۔

وجاہت رؤف نے حال ہی میں انسٹاگرام اسٹوری میں ریلیز ہونے والی نئی بولی وڈ فلم ”استری ٹو“ کی تعریفیں کرتے ہوئے بھارتی فلموں کی پاکستانی سینماؤں میں اسکریننگ کی خواہش ظاہر کی۔

ہدایت کار نے اسٹوری میں شردھا کپور اور راج کمار راؤ کی فلم کے پوسٹر کو شیئر کرتے ہوئے اس کی کہانی اور کرداروں کی بھی تعریفیں کیں۔

فلم ساز نے لکھا کہ انہوں نے ”استری ٹو“ کو لندن میں بھرے ہوئے سینما ہال میں دیکھا، جہاں لوگوں نے اس کی کہانی سے لطف اندوز ہوئے اور سب ہنستے رہے۔

انہوں نے شردھا کپور، راج کمار اؤ اور پنکج ترپاتھی سمیت فلم کی دوسری کاسٹ کی بھی تعریفیں کیں اور لکھا کہ انہوں نے شاندار اداکاری کا مظاہرہ کیا۔

وجاہت رؤف نے ”استری ٹو“ کی تعریفیں کرتے ہوئے یہ بھی لکھا کہ وہ بھارتی فلموں کی پاکستانی سینماؤں میں ریلیز اور انہیں وہاں دیکھنے کے منتظر ہیں، کبھی وہ وہاں بولی وڈ فلمیں دیکھا کرتے تھے۔

ہدایت کار کی جانب سے پاکستانی سینماؤں میں بھارتی فلموں کی ریلیز کی خواہش ظاہر کیے جانے کی پوسٹ وائرل ہوگئی اور اس پر پاکستانی شائقین نے دلچسپ تبصرے بھی کیے۔

سوشل میڈیا صارفین نے وجاہت رؤف کی خواہش پر انہیں ان کی ہدایت کاری یاد دلائی اور انہیں تجویز دی کہ وہ خود بھی کبھی اچھی فلمیں بنایا کریں۔

بعض افراد نے انہیں یاد دلایا کہ بھارتی کبھی بھی پاکستانی فلموں کے بارے میں اچھے تبصرے نہیں کرتے اور نہ ہی انہیں پاکستانی فلمیں پسند ہیں لیکن ہم نہ جانے کیوں بولی وڈ فلموں کی تعریفیں کرتے رہتے ہیں۔

جہاں صارفین نے وجاہت رؤف کو تنقید کا نشانہ بنایا اور انہیں خود بھی اچھی فلمیں بنانے کا مشورہ دیا، وہیں بعض افراد نے ان کی بات سے اتفاق بھی کیا اور لکھا کہ واقعی ”استری ٹو“ اچھی فلم ہے۔

”استری ٹو“ کو بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر 15 اگست کو ریلیز کیا گیا تھا، یہ فلم 2018 کی فلم ”استری“ کا سیکوئل ہے اور اس کی کہانی جنات اور جادوئی طاقتوں کے گرد گھومتی ہے۔

”استری ٹو“ کا گانا ”آج کی رات مزہ لیجیے“ سوشل میڈیا پر بے حد مقبول ہوا ہے، جس میں لوگ اداکارہ تمنا بھاٹیا کی ڈانس پرفارمنس کی بھی تعریفیں کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 17 ستمبر 2024
کارٹون : 16 ستمبر 2024