نارووال: 11 سالہ ذہنی معذور لڑکی سے مبینہ زیادتی، مقدمہ درج
ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کے ضلع نارووال میں ذہنی معذور لڑکی سے مبینہ زیادتی کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق پنجاب پولیس نے بتایا کہ ایک اوباش نوجوان نے 11 سالہ ذہنی معذور لڑکی سے مبینہ زیادتی کی جس کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
شکرگڑھ پولیس نے متاثرہ لڑکی کی والدہ کی مدعیت میں ایف آئی آر کا اندراج کرلیا ہے جب کہ پولیس نے میڈیکل لیگل کارروائی کے لیے متاثرہ لڑکی کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردیا ہے۔
فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) کے متن کے مطابق متاثرہ لڑکی سے اس کی حویلی کے اندر گھس کر زیادتی کی گئی۔
واقعے کے بعد ملزم فرار ہے جب کہ متاثرہ خاندان نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز سے معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
متعلقہ تھانے کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) نے کہا ہے کہ ملزم کو جلد گرفتار کرلیا جاے گا۔