حکومت کا مبارک ثانی مقدمے میں سپریم کورٹ میں اضافی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر مبارک ثانی مقدمے میں حکومت نے سپریم کورٹ میں اضافی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اٹارنی جنرل 22 اگست کو سماعت میں دلائل دیں گے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں کابینہ کو مبارک ثانی مقدمے کے حوالے سے سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے پر بریفنگ دی گئی۔
کابینہ کو بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر مبارک ثانی مقدمے کے حوالے سے سپریم کورٹ آف پاکستان میں 17 اگست 2024 کو ایک اضافی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔
اس سلسلے میں بتایا گیا کہ اس مقدمے کے حوالے سے قومی اسمبلی میں تفصیلی بحث ہوئی اور یہ معاملہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے حوالے کیا گیا۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن جماعتوں نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ قومی اسمبلی وفاقی حکومت کو یہ کہے گی کہ اس مقدمے کے واقعاتی اور قانونی پہلوؤں اور علمائے کرام کی رائے کے حوالے سے سپریم کورٹ میں حکومت کی جانب سے درخواست دائر کی جائے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اس حوالے سے وزیر اعظم اور اسپیکر قومی اسمبلی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس کے بعد وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ میں اضافی درخواست دائر کی گئی۔
وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق اٹارنی جنرل 22 اگست 2024 کو سپریم کورٹ میں اضافی درخواست کی سماعت میں پیش ہوں گے اور اپنی ٹیم کے ہمراہ علمائے کرام اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کی رائے کی روشنی میں دلائل دیں گے جہاں وزیراعظم نے اس حوالے سے واضح ہدایات جاری کر دی ہیں۔
وفاقی کابینہ نے وز ارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی سفارش پر کمپنیز ایکٹ 2017 کے سیکشن 42 کی روشنی میں قومی کمیشن برائے تکنیکی و پیشہ ورانہ تربیت کے تحت ’پرائم منسٹرز اسکلز ڈیولپمنٹ کمپنی‘ کے قیام کی منظوری دے دی۔
مذکورہ بالا کمپنی کا قیام تکنیکی و پیشہ ورانہ تربیت کے لئے فنڈز اکٹھا کرنا ، فنڈ مینجمنٹ اور اس فنڈ کے تحت مختلف تربیتی پروگراموں کا نفاذ ہے۔
وزیر اعظم کی ہدایت کی روشنی میں قومی کمیشن برائے تکنیکی و پیشہ ورانہ تربیت کے آپریشنل اور ریگولیٹری معاملات کو الگ کرنے کے حوالے سے اس کمپنی کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جس کے بعد پرائم منسٹرز اسکل ڈیولپمنٹ کمپنی تکنیکی و پیشہ ورانہ تربیت کے آپریشنل معاملات کو دیکھے گی جبکہ قومی کمیشن برائے تکنیکی و پیشہ ورانہ تربیت ریگولیٹری امور کو دیکھے گا۔
وفاقی کابینہ نے وزارت قومی صحت کی سفارش پر بادشاہ حماد یونیورسٹی آف نرسنگ اینڈ ایسوسی ایٹڈ میڈیکل سائنسز کے آپریشنز نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز کے حوالے کرنے کی منظوری دے دی۔
اس حوالے سے وزارت قومی صحت اور وزارت دفاع کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے جائیں گے وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے حکومتی ملکیتی اداروں کے 12 اگست 2024 کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی۔
کابینہ نے وزارت تجارت کی سفارش پر ازبکستان کی وزارت سرمایہ کاری، صنعت و تجارت اور پاکستان کی وزارت تجارت کے درمیان الیکٹرانک تجارت(ای کامرس) کے شعبے میں تعاون کے فروغ کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی منظوری دے دی۔
وفاقی کابینہ نے اس کے علاوہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 15 اگست 2024 کو ہونے والے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق بھی کردی۔
ذرائع نے بتایا کہ کابینہ نے حکومتی اخراجات میں کمی کی سفارشات موخر کر دیں اور کابینہ کے آئندہ آنے والے اجلاسوں میں کفایت شعاری اور اخراجات میں کمی کی سفارشات پر غور کیا جائے گا۔