• KHI: Maghrib 6:39pm Isha 7:56pm
  • LHR: Maghrib 6:12pm Isha 7:34pm
  • ISB: Maghrib 6:18pm Isha 7:43pm
  • KHI: Maghrib 6:39pm Isha 7:56pm
  • LHR: Maghrib 6:12pm Isha 7:34pm
  • ISB: Maghrib 6:18pm Isha 7:43pm

کار ساز ٹریفک حادثہ: ملزمہ کا ایک روزہ ریمانڈ منظور کرلیا گیا

شائع August 20, 2024
— فوٹو: ڈان
— فوٹو: ڈان

کارساز ٹریفک حادثے کی ذمہ دار ملزمہ نتاشا کو پولیس نے عدالت میں پیش کیا گیا، اس دوران عدالت نے ملزمہ کا ایک روزہ ریمانڈ منظور کرلیا۔

ڈان نیوز کے مطابق کارساز ٹریفک حادثے کی ملزمہ نتاشا کو کراچی سٹی کورٹ میں پیش کیا گیا، جہاں ملزمہ نتاشا کی جانب سے وکیل عامر منصوب عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت ایڈووکیٹ عامر منصوب نے ٹریفک حادثہ کی ذمہ دار ملزمہ نتاشا کو نفسیاتی قرار دے دیا۔

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ نفسیاتی مریضہ ہے اور گزشتہ 5 سال زیر علاج ہے، ایسے مریضوں کو ائسولیشن وارڈ میں رکھا جاتا ہے، ملزمہ بنا اجازت گاڑی لیکر گھر سے نکلی۔

ایڈووکیٹ عامر منصوب نے کہا کہ ملزمہ کی ذہنی کیفیت ایسی نہیں کہ عدالت میں پیش کیا جائے، ایسی بیماری میں مبتلا مریض کو کچھ یاد نہیں رہتا، ملزمہ کی درخواست ضمانت دائر کریں گے۔

بعد ازاں، کارساز ٹریفک حادثہ کیس کے تفتیشی افسر انسپکٹر عامر الطاف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہسپتال کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع کرادی ہے، ہسپتال انتظامیہ نے ملزمہ کو ایڈمٹ کرلیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ملزمہ کا ریمانڈ چاہتے تھے، عدالت نے ایک دن کا ریمانڈ دیا ہے، ہمیں سیمپل مل گئے ہیں وہ لیب میں جائیں گے اور پھر اس کی رپورٹ آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈرائیونگ لائسنس سمیت متعلقہ دستاویزات کے لیے نوٹس جاری کردیا ہے، دستاویزات سامنے آئیں گے تو معلوم ہوگا کہ ڈرائیونگ لائسنس برطانیہ کا ہے یا پھر پاکستان کا ہے۔

تفتیشی افسر نے مزید کہا کہ ڈاکٹر اجازت دیں گے تو کل ملزمہ نتاشا کو عدالت میں پیش کریں گے، نشے کی حالت سے متعلق کوئی میڈیکل رپورٹ ہمیں موصول نہیں ہوئی، جب تک میڈیکل ڈاکٹر اپنی سفارشات نہیں دیتا ملزمہ نشے میں تھی یا نہیں اس حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتے۔

اس سے قبل متوفی عمران عارف کے بھائی کی مدعیت میں بہادر آباد تھانے میں ٹریفک حادثے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں کارساز روڈ پر تیز رفتار گاڑی بے قابو ہو کر راہ گیروں پر چڑھ دوڑی تھی، جس کے نتیجے میں باپ بیٹی جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے تھے جبکہ پولیس نے گاڑی چلانے والی خاتون کو گرفتار کرلیا تھا۔

حادثے میں موٹر سائیکل سوار عمران عارف اور اس کی بیٹی آمنہ جاں بحق جبکہ 4 شہری شدید زخمی ہوئے تھے، عینی شاہدین نے بتایا تھا کہ جیپ چلانے والی خاتون اپنے حواس میں نہیں تھی۔

جیپ چلانے والی خاتون نے موٹر سائیکلوں کو ٹکر مارنے کے بعد فرار کی کوشش میں ایک اورگاڑی کو بھی زوردار ٹکر ماری جس سےگاڑی تباہ ہوگئی تھی تاہم معجزانہ طور پر کار سوار نوجوان محفوظ رہا جبکہ ٹکر کے بعد جیپ بھی الٹ گئی تھی۔

حادثے کے بعد مشتعل افراد نے خاتون ڈرائیور کو گھیرا تو پولیس نے موقع پر پہنچ کر جیپ چلانے والی خاتون نتاشا کو حراست میں لے لیا جب کہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 12 ستمبر 2024
کارٹون : 11 ستمبر 2024