• KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am
  • KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am

عمران خان، بشریٰ بی بی کیخلاف نئے توشہ خانہ ریفرنس کی تفصیلات سامنے آگئیں

شائع August 20, 2024
عمران خان اور بشریٰ بی بی —فائل فوٹو: فیس بک/عمران خان
عمران خان اور بشریٰ بی بی —فائل فوٹو: فیس بک/عمران خان

بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف نئے توشہ خانہ ریفرنس کی تفصیلات سامنے آگئیں۔

ڈان نیوز کے مطابق توشہ خانہ ریفرنس نمبر 2 سعودی ولی عہد کی جانب سے دیے گئے بلغاری جیولری سیٹ پر دائر کیا گیا، ریفرنس میں بتایا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کو 7 سے 10 مئی 2021 کو دورہ سعودیہ کے موقع پر بلغاری جیولری سیٹ دیا گیا، جیولری سیٹ میں ایک عدد انگوٹھی، ایک عدد بریسلٹ، ایک نیکلس، ایک جوڑی بالیاں شامل تھیں، شواہد کے مطابق عمران خان اور بشریٰ بی بی نے غیر قانونی طور پر بلغاری جیولری سیٹ اپنے پاس رکھا۔

ریفرنس کے مطابق ڈپٹی ملٹری سیکریٹری نے 18 مئی 2021 کو سیکشن افسر توشہ خانہ کو قیمت کا تخمینہ لگانے اور ڈکلیئر کرنے کے بارے آگاہ کیا لیکن جیولری سیٹ جمع نہیں کرایا، 25 مئی 2018 کو بلغاری کمپنی نے فرنچائز سالوجنٹ ٹریڈنگ سعودی عرب کو ہار 3 لاکھ یورو اور بالیاں 80 ہزار یورو میں فروخت کی تھیں، کمپنی سے بریسلٹ اور انگوٹھی کی قیمت کے بارے میں معلومات نہیں مل سکیں، 28 مئی 2021 کو بلغاری جیولری سیٹ کی ٹوٹل قمیت تقریباً 7 کروڑ 56 لاکھ 61 ہزار 600 پاکستانی روپے بنتی تھی۔

ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ جیولری سیٹ میں شامل ہار کی قیمت 5 کروڑ 64 لاکھ 96 ہزار روپے بنتی ہے، جیولری سیٹ میں شامل بالیوں کی قیمت 1 کروڑ 50 لاکھ 65 ہزار 600 روپے بنتی ہے، توشہ خانہ رولز کے مطابق 50 فیصد رقم دے کر بلغاری جیولری سیٹ کی قیمت 3 کروڑ 57 لاکھ 65 ہزار 800 روپے بنتی ہے، بلغاری جیولری سیٹ کی کم قیمت لگوا کر قومی خزانے کو 3 کروڑ 28 لاکھ 51 ہزار 300 روپے کا نقصان پہنچایا گیا، عمران خان نے بشریٰ بی بی کے ساتھ مل کر نیب آرڈیننس 1999 کی سیکشن 9 اور سب سیکشن 3، 4، 6 اور 12 کی خلاف ورزی کی ہے۔

نیب ریفرنس کے مطابق یکم اگست 2022 کو بورڈ میٹنگ کے بعد چیئرمین نیب کی ہدایت پر عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف انکوائری شروع ہوئی۔

اس میں بتایا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا، عمران خان نے اپنی وزارتِ عظمیٰ کے دور میں 108 تحائف میں سے 58 اپنے پاس رکھے۔

گواہان کے نام سامنے آگئے

اس کے علاوہ نئے توشہ خانہ ریفرنس میں گواہوں کی لسٹ سامنے آگئی، توشہ خانہ ریفرنس 2 میں 22 گواہوں کے نام سامنے آئے ہیں، گواہان میں بنیامین سیکشن افسر توشہ خانہ کیبنٹ ڈویژن کا نام سر فہرست ہے ، پروٹوکول افسر وزیر اعظم ہاؤس طلعت محمود ، ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب ہیڈ کوارٹر قیصر محمود کا نام گواہان میں شامل ہے، اسسٹنٹ ڈائریکٹر موفا محمد فہیم ، وزیر اعظم کے سابق ملٹری سیکرٹری بریگیڈیئر محمد احمد کا نام بھی گواہان میں شامل ہے۔

علاوہ ازیں سابق وزیر اعظم کے پرسنل سیکریٹری انعام اللہ شاہ اور ڈائریکٹر نیب شفقت محمود اور کیس کے تفتیشی افسر محمد محسن ہارون بھی گواہوں میں شامل ہیں۔

یاد رہے کہ آج قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین، سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف نیا توشہ خانہ ریفرنس اسلام آباد کی احتساب عدالت میں دائر کردیا۔

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024