• KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:19am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:02am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:12am
  • KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:19am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:02am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:12am

سندھ میں بارش سے نقصانات، بلاول بھٹو نے وزیراعلیٰ سے رپورٹ طلب کرلی

شائع August 18, 2024
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری— فوٹو: ڈان نیوز
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری— فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے صوبے میں بارش کے باعث ہونے والے نقصانات پر رپورٹ طلب کرلی۔

ڈان نیوز کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ کو بارش سے متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے صوبے میں بارش سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ طلب کرلی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن ایک بار پھر موسمیاتی تبدیلیوں کا شکار ہوئے ہیں، سکھر اور لاڑکانہ کے نشیبی علاقوں سے بارش کے پانی کے فوری اخراج کو یقینی بنایا جائے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ خیرپور ضلع میں ڈیم کے بند میں شگاف کے معاملے پر فوری تحقیقات کرائی جائے، یقینی بنایا جائے کہ ڈیم کے بند میں شگاف کے بعد نقصان کم سے کم ہو اور متاثرین تک فوری امداد پہنچے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ محکمہ ریلیف اینڈ ریحبلییشن اور پی ڈی ایم اے بارش متاثرین کی امداد کے حوالے سے اپنی ذمہ داری نبھائیں جب کہ سکھر، لاڑکانہ اور خیرپور سمیت صوبے بھر میں ہونے والے نقصانات اور امدادی سرگرمیوں پر تفصیلی رپورٹ دی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی بارش متاثرین کو اکیلا نہیں چھوڑے گی۔

وزیراعلیٰ کی زیر صدارت رین ایمرجنسی اجلاس

اس سے قبل، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت رین ایمرجنسی کے حوالے سے اجلاس ہوا۔

وزیراعلیٰ سندھ کو صوبے بھر میں جاری برسات سے متعلق بریفنگ دی گئی، کمشنر سکھر فیاض عباسی کی اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سکھر میں سب سے زیادہ بارشیں ہوئی ہیں، اس کے بعد دادو اور جیکب آباد میں بہت بارشیں ہوئی ہیں۔

میئر سکھر کے مطابق پمپ اسٹیشنز پر بجلی نہ ہونے سے پانی کی نکاسی میں دشواری کا سامنا ہے۔ ڈی سی سکھر ایم بی دھاریجو نے کہا کہ سکھرمیں 24 گھنٹوں کے دوران بارش کے 4 اسپیل ہوئے جس میں 263 بارش ریکارڈ ہوئی۔

اجلاس میں صوبائی سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی ناصر حسین شاہ، وزیر بلدیات سعید غنی، صوبائی مشیر نجمی عالم، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، ڈی جی رینجرز میجر جنرل اظہر وقاص، سینئر ممبر بورڈ آف روینیو بقا اللہ انڑ، سیکریٹری صحت ریحان بلوچ، ڈی جی پرووینشنل ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سلمان شاہ، کورپس ہیڈ کوارٹر اور کوم کار کے نمائندے، پاکستان میٹرولاجیکل ڈپارٹمینٹ کے ڈائریکٹر امیر حیدر لغاری نے شرکت کی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ ہاؤس میں پلاسٹک کی بوتلیں بند کردی ہیں، پانی کی بوتل کی جگہ شیشے کے جگ رکھے ہیں ماحول کی بہتری کے لیے پلاسٹک کی اشیا کا استعمال ترک کرنا ہوگا ماحول کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 15 جنوری 2025
کارٹون : 14 جنوری 2025