• KHI: Zuhr 12:29pm Asr 4:11pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 12:05pm Asr 3:25pm
  • KHI: Zuhr 12:29pm Asr 4:11pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 12:05pm Asr 3:25pm

بجلی ریلیف پیکج: حکومت پنجاب کا بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو پیشگی ادائیگی کا فیصلہ

شائع August 18, 2024
— فائل فوٹو:
— فائل فوٹو:

پنجاب حکومت نے بجلی صارفین کوفی یونٹ 14 روپے ریلیف دینے کے فیصلے پر عمل درآمد کے لیے اقدامات کرتے ہوئے بجلی فراہم کرنے والی 5 سرکاری بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو ایڈوانس میں ادائیگی کرنےکا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں ڈسکوز سے ریلیف کی صورت میں واجب الادا رقم کا تخمینہ فراہم کرنے کا کہا ہے۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب کی صوبائی حکومت نے 5 ڈسکوز سے 19 اگست تک فی یونٹ پر 14 روپے ریلیف کے لیے درکار مالی ضروریات کا تخمینہ مانگا ہے۔

اس سلسلے میں پنجاب حکومت نے پنجاب کو بجلی فراہم کرنے والی 5 ڈسکوز کو الگ الگ خط لکھ دیا ہے۔

خطوط لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد، ملتان اور گوجرانوالہ الیکٹرک کمپنیوں کو لکھے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق فی یونٹ 14 روپے ٹارگٹڈ ریلیف کا اطلاق ماہانہ 201 سے 500 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے صارفین پر ہوگا تاہم ماہانہ 200 سو یونٹ والوں کو ریلیف نہیں ملے گا۔

بجلی کے ٹیرف میں ریلیف کا اطلاق اگست اور ستمبر 2024 کے بلوں میں ہوگا، ٹیکسز و ڈیوٹیز کے ساتھ حکومت پنجاب بجلی کے فی یونٹ پر 14 روپے ریلیف دے گی۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا تھا کہ پنجاب میں 500 تک یونٹ بجلی استعمال کرنے والوں کو فی یونٹ 14 روپے ریلیف دیا جائے گا۔

لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے کچھ عرصہ پہلے ایک سے 200 یونٹ بجلی استعمال کرنے والوں کو بہت اچھا ریلیف دیا جو اربوں روپے کا ریلیف ہے، اسی طرح مریم نواز نے فیصلہ کیا ہے کہ چونکہ گرمیوں کے مہینے میں بل زیادہ آتا ہے اس لیے عوام کو اگست اور ستمبر کے لیے بجلی کے بلوں میں ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی ہے اور اس ریلیف پیکج کے تحت ایک سے 500 یونٹ تک استعمال کرنے والوں کے بجلی کے بلوں میں 14 روپے فی یونٹ کم کر کے بل دیا جائے گا۔

انہوں نے مریم نواز کو سراہتے ہوئے کہا تھا کہ یہ آئندہ لوگوں کو مزید ریلیف دینے کے لیے سولر پینلز کی اسکیم لے کر آرہی ہیں اور لوگوں کو سولر پینلز فراہم کیے جائیں گے، تاکہ بجلی کا بل مزید کم ہوجائے اور اس کے لیے 700 ارب روپے خرچ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بجلی کے بلوں میں ریلیف دینے کے لیے 45 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے، اس پروگرام سے لوگوں کو ریلیف ملے گا اور ان کے اخراجات میں کمی آئے گی، میں شہباز شریف کو شاباش دیتے ہوئے کہوں گا کہ وہ سولر پینلز کو آگے بڑھانے کے لیے پنجاب حکومت سے تعاون کریں اور باقی صوبوں سے بھی میں یہی گزارش کروں گا کہ وہ بھی عوام کو ریلیف دیں۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ مجھے معلوم ہے عوام مہنگائی کے کرب سے گزر رہے ہیں، میرا اشارہ خاص طور پر مہنگے بجلی کے بلوں کی طرف ہے اور آپ جانتے ہیں کہ 21 اکتوبر کو جب مینار پاکستان پر میں نے گفتگو کی تو میں نے تب بھی بجلی کے مسئلے پر بات کی اور بلوں کو بھی پیش کیا تھا کہ میرے زمانے میں بجلی کا بل کتنا تھا اور آج کتنا ہوگیا ہے

کارٹون

کارٹون : 19 دسمبر 2024
کارٹون : 18 دسمبر 2024