• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

ریشم کو میں نے متعارف کرایا، اب مجھے استاد نہیں مانتیں، سید نور

شائع August 17, 2024
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

معروف فلم ساز سید نور نے کہا ہے کہ ماضی کی مقبول فلمی اداکارہ ریشم کو انہوں نے ہی فلموں میں متعارف کرایا لیکن بد قسمتی سے آج اداکارہ انہیں اپنا استاد نہیں مانتیں۔

سید نور نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر باتیں کیں اور ریشم کے حوالے سے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

سید نور کا کہنا تھا کہ انہوں نے ریشم کو فلم ’جیوا‘ سے انڈسٹری میں متعارف کرایا اور انہیں ان کے ساتھ کام کرنے پر فخر ہے۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نہ صرف ریشم کو متعارف کرایا بلکہ انہوں نے ان کی شخصیت اور بطور اداکارہ ایک پہچان بھی بنائی، انہوں نے ہی طے کیا کہ ان کے دانت کیسے ہوں، ان کے بال کیسے ہونے چاہیے۔

سید نور کے مطابق یہاں تک کہ انہوں نے یہ بھی طے کیا کہ ریشم کس طرح کا لباس پہنیں گی اور کون سا لباس ان پر جچتا ہے، انہوں نے ان کی بطور اداکارہ ایک پہچان بنائی، وہ ان کی ہی پروڈکٹ ہیں۔

فلم ساز نے شکوہ کیا کہ اگرچہ انہوں نے ہی ریشم کو متعارف کرایا لیکن وہ انہیں استاد نہیں مانتیں، کبھی وہ ایوب خاور کو اپنا استاد قرار دیتی ہیں تو کبھی کسی اور کا نام لیتی ہیں۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر ریشم کے دوسرے استاد ہیں تو وہ ان کے ساتھ اپنا کوئی کام تو دکھائیں؟

سید نور نے ایوب خاور کی تعریفیں کیں اور کہا کہ وہ اچھے شاعر ہیں لیکن ریشم ان کے ساتھ اپنا کوئی کام تو دکھائیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ اب لوگ ریشم کو کام کیوں نہیں دیتے، البتہ ان کے پاس اس وقت ایسا کوئی کردار یا کام نہیں، جس میں وہ ریشم کو کاسٹ کریں۔

سید نور کے مطابق انہیں ریشم سے کسی طرح کا کوئی شکوہ نہیں اور جب بھی ان کے پاس ان کے لیے کوئی کردار آئے گا تو انہیں ضرور کاسٹ کریں گے۔

خیال رہے کہ کچھ دن قبل ریشم نے ایک انٹرویو میں سید نور کو اپنے کیریئر کی تباہی کا ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔

اداکارہ نے اعتراف کیا تھا کہ سید نور نے ہی انہیں متعارف کرایا لیکن انہوں نے ان کا کیریئر بھی خراب کیا جب کہ فلم ساز نے انہیں شوٹنگ سیٹ پر بھی بے عزت کیا، ان کی جگہ صائمہ کو کاسٹ کرنے لگے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024