• KHI: Asr 4:28pm Maghrib 6:04pm
  • LHR: Asr 3:43pm Maghrib 5:21pm
  • ISB: Asr 3:43pm Maghrib 5:22pm
  • KHI: Asr 4:28pm Maghrib 6:04pm
  • LHR: Asr 3:43pm Maghrib 5:21pm
  • ISB: Asr 3:43pm Maghrib 5:22pm

جلد شادی کروں گی، 34 سال کی ہو چکی، کومل عزیز

شائع August 15, 2024
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

ماڈل، اداکارہ و کاروباری خاتون کومل عزیز خان نے کہا ہے کہ پہلے انہوں نے اچھی تعلیم، پھر اداکاری اور بعد ازاں کاروبار پر توجہ دیا لیکن اب وہ جلد شادی کرنا چاہتی ہیں کیوں کہ ان کی عمر 34 سال ہوچکی ہے۔

کومل عزیز خان نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے کاروبار، اداکاری اور خواتین کی خود مختاری سمیت شادی کے معاملے پر بھی کھل کر بات کی۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ جب وہ محض 16 سال کی تھیں، تب سے ان کے لیے رشتے آنا شروع ہوگئے تھے لیکن انہوں نے پہلے تعلیم اور پھر اداکاری پر توجہ دی جب کہ اس وقت کم عمر ہونے کی وجہ سے وہ شریک حیات سے متعلق زیادہ مطالبات بھی نہیں کر سکتی تھیں لیکن اب وہ اپنی مرضی کے مطالبات کر سکتی ہیں۔

ان کے مطابق پاکستان کا سماج مردانہ ہے، جہاں ایک عورت کے لیے مرد کا سہارا لازمی ہوتا ہے یا پھر وہ مالی طور پر بہت زیادہ مستحکم ہو تو بات بن سکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان کا کوئی بھائی نہیں جب کہ ان کے والد بھی 7 سال قبل انتقال کر گئے تھے، اس لیے انہوں نے اسی وقت ہی شادی سے قبل مالی طور پر مستحکم ہونے کا فیصلہ کیا اور اداکاری کے بعد کاروبار کرنے لگیں اور اب وہ معاشی طور مضبوط اور خود مختار ہیں، اب وہ کسی بھی مشکل صورت حال کا مقابلہ خود ہی کر سکتی ہیں۔

کومل عزیز خان کا کہنا تھا کہ اگر وہ والد اور بھائی کے نہ ہونے کی وجہ سے پہلے شادی کر لیتیں اور وہ معاشی طور پر بھی کمزور ہوتیں اور ان کا ہونے والا شوہر غلط شخص نکلتا تو وہ وہاں تشدد اور تضحیک برداشت کرنے پر مجبور ہوجاتیں لیکن اب ایسا نہیں ہوگا، اب شادی کے بعد اگر انہیں کوئی غلط شخص بھی ملا تو وہ مشکلات برداشت نہیں کریں گی، وہ انہیں چھوڑ سکتی ہیں۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ ہر چیز پرفیکٹ چاہتی ہیں، انہوں نے پہلے پوری توجہ تعلیم کو دی، پھر اداکاری بھی دل لگا کر کی اور بعد ازاں انہوں نے کاروبار کو وقت دیا اور اب وہ شادی بھی ایسے ہی کریں گی کیوں کہ شادی زندگی کا بہت بڑا فیصلہ ہوتا ہے، جسے سوچ سمجھ کر کرنا چاہیے۔

اداکارہ کے مطابق جس طرح کاروبار کرتے وقت سوچنا اور دماغ لڑانا پڑتا ہے، اسی طرح شادی کے وقت بھی سوچنا چاہیے اور وہ اس حوالے سے کلیئر ہیں کہ وہ شوبز انڈسٹری کے کسی بھی شخص سے شادی نہیں کریں گی، وہ کاروباری شخص سے شادی کریں گی۔

کومل عزیز خان نے یہ اعتراف بھی کیا کہ اب ان کی عمر 34 سال ہو چکی ہے جو کہ اچھی خاصی عمر ہوتی ہے، اس لیے اب انہوں نے ہر حال میں جلد شادی کرنی ہے۔

اگرچہ کومل عزیز خان نے عندیہ دیا کہ وہ جلد شادی کریں گی، تاہم انہوں نے واضح طور پر نہیں بتایا کہ انہوں نے نئی زندگی شروع کرنے کے لیے کسی شخص کو تلاش کر رکھا ہے یا نہیں؟

کارٹون

کارٹون : 15 جنوری 2025
کارٹون : 14 جنوری 2025