• KHI: Maghrib 6:31pm Isha 7:48pm
  • LHR: Maghrib 6:03pm Isha 7:24pm
  • ISB: Maghrib 6:08pm Isha 7:32pm
  • KHI: Maghrib 6:31pm Isha 7:48pm
  • LHR: Maghrib 6:03pm Isha 7:24pm
  • ISB: Maghrib 6:08pm Isha 7:32pm

ڈیجیٹل اکانومی کیلئے ’ناگزیر‘ انٹرنیٹ اسپیڈ کے حوالے سے شکایات مل رہی ہیں، شزہ فاطمہ

شائع August 15, 2024
وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ— فوٹو: اے پی پی
وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ— فوٹو: اے پی پی

وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) شیزہ فاطمہ خواجہ نے تسلیم کیا ہےکہ ڈیجیٹل اکانومی کے لیے ناگزیر انٹرنیٹ اسپیڈ کے حوالے سے شکایات مل رہی ہیں۔

وزیر آئی ٹی شیزہ فاطمہ خواجہ نے تسلیم کیا کہ انٹرنیٹ کے سست ہونے کی شکایات آئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انٹر نیٹ کبھی بھی سست نہیں ہونا چاہئے، ڈیجیٹل اکانومی اور ڈیجیٹل گورنمنٹ کا انحصار انٹرنیٹ کی اچھی اسپیڈ پر ہے۔

وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کہ پاکستان کے مختلف شہروں میں جمعرات کے روز انٹرنیٹ سروسز میں دشواری سے صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جب کہ انٹرنیٹ سروسز میں خلل کے پہلے سے خدشات موجود تھے۔

ملک میں انٹرنیٹ سروسز میں دشواری اس وقت سامنے آئی جب انٹرنیٹ سروسز پروائیڈرز (آئی ایس پی) کی ایک باڈی کی جانب سے الزام عائد کیا گیا کہ حکومت کی طرف سے انٹرنیٹ ٹریفک پر نگرانی کی وجہ سے ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز ڈاؤن ہوگئی ہیں۔

جب کہ وائرلیس اور انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ڈبلیو آئی ایس پی اے پی) کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ملک بھر میں گزشتہ چند ہفتوں سے انٹرنیٹ کی رفتار کم ہو کر 30 سے 40 فیصد پر آ گئی ہے، ایسوسی ایشن کا تنبیہہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ صورتحال اس حد تک خراب ہو چکی ہے کہ بہت سی کمپنیاں اپنا کاروبار دوسرے ممالک منتقل کرنے پر غور کر رہی ہیں۔

گزشتہ چند ہفتوں سے جاری انٹرنیٹ سروسز میں دشواری کے باعث آن لائن پلیٹ فارمز فیس بُک اور واٹس شدید متاثر ہوئے ہیں جہاں پیغامات تک رسائی، واٹس نوٹس اور تصاویر کی ڈاؤنلوڈنگ میں مشکلات درپیش ہیں۔

کچھ صارفین کی جانب سے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ حالیہ انٹرنیٹ سروس میں دشواری فائر وال کی وجہ سے ہو سکتی ہے، جو کہ صارفین پر نگرانی رکھنے کے لیے حکومت کی جانب سے انسٹال کی گئی ہے۔

تاہم پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے فائر وال کے باعث انٹرنیٹ دشواری کی خبروں کو مسترد کیا گیا ہے، جبکہ ڈان ڈاٹ کام کی جانب سے اس حوالے سے پی ٹی اے سے دوبارہ رابطہ کیا گیا، جس پر ادارے کی جانب سے جواب نہیں دیا گیا۔

انٹرنیٹ بندش سے باخبر رکھنے والی ویب سائٹ ڈاؤن ڈٹیکٹر کے مطابق ملک میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے، جبکہ زونگ، نیا ٹیل اور فائبر لنک کی سروسز بھی متاثر ہو رہی ہیں۔

ڈاؤن ڈٹیکٹر کی جانب سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پی ٹی سی ایل کی سروسز میں دوپہر 12 بج کر 30 منٹ پر اچانک دشواری پیش آئی ہے، جبکہ دشواری کی شکایات کراچی، لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، اسلام آباد اور ملتان سمیت دیگر شہروں سے موصول ہوئی ہیں۔

اسی وقت کے دوران زونگ کے 25 صارفین جبکہ نیا ٹیل کے 30 سے زائد صارفین کی جانب سے انٹرنیٹ دشواری کے حوالے سے شکایت رپورٹ کی گئی۔

ڈاؤن ڈٹیکٹر کے مطابق تقریبا ایک بجے میٹا کے پلیٹ فارمز فیس بُک اور واٹس ایپ پر بھی انٹرنیٹ سروسز سے متاثر ہوئے، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں دونوں پلیٹ فارمز پر کافی تعداد میں انٹرنیٹ دشواری کی شکایت رپورٹ ہو چکی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 19 ستمبر 2024
کارٹون : 17 ستمبر 2024