اللہ ہر پاکستانی کو سچا اور ایماندار بنائے، شوبز شخصیات کا جشن آزادی منانے کا منفرد انداز
پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر جہاں پاکستانی قوم جشن منا رہی ہے، وہیں اب شوبز شخصیات کی جانب سے بھی منفرد انداز میں جشن آزادی کو منایا جا رہا ہے۔
معروف گلوکارہ آئمہ بیگ کا انسٹاگرام پوسٹ میں اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھنا تھا ’جشن آزادی مبارک‘۔
جبکہ اداکارہ صبا فیصل کی جانب سے بھی انسٹاگرام اسٹوری شیئر کی گئی تھی، جس میں اداکارہ دہی بلے کھاتی دکھائی دیں، ساتھ ہی جشن آزادی کو مختلف انداز میں مناتی دکھائی دیں۔
مومنہ اقبال کی جانب سے سبز رنگ کا لباس پہنا گیا تھا، جبکہ ساتھ ہی عقب میں قومی پرچم بھی دیکھا جا سکتا ہے، لیکن دلچسپ بات یہ بھی تھی کہ اداکارہ نے اے آئی سے بنی اپنی تصویر شیئر کی تھی۔
جبکہ ماہرہ خان نے جشن آزادی کے موقع پر ایک پوسٹ کیا، جس میں سست انٹرنیٹ پر اظہار خیال کیا، اداکارہ کا کہنا تھا کہ پے پیل کے مطالبے سے انٹرنیٹ مانگنے تک، ہم پتھر کے زمانے کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
ماہرہ خان کا مزید کہنا تھا کہ انٹرنیٹ بہت ہی مشکل کے ساتھ کام کر رہا ہے، وائس نوٹس ڈاؤنلوڈ نہیں ہو رہے ہیں، تصاویر بھی لوڈ نہیں ہو رہی ہیں، فیس بُک بھی رینگ رینگ کر چل رہا ہے، فائیور پر فری لانسرز کے اکاونٹ معطل ہو رہے ہیں اور آپ اب بھی 14 اگست اس طرح منا رہے ہیں؟ بنیادی چیزوں سے بھی رہ گئے ہم تو۔
اداکارہ رابعہ بٹ نے انسٹاگرام پر پاکستانی جھنڈا شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اس ملک کے باسی جیسے بھی ہوں، تجھ سے محبت بے پناہ ہے، کیونکہ تجھے ماں بولتے ہیں بولنے والے، ماں کی اولاد جیسی بھی ہو، ان کی ذمہ دار ماں نہیں ہوگی، ماں کے لیے اتنا کافی ہے کہ اس نے جگہ دی، پناہ دی، تجھے سلام، پاکستان زندہ باد۔
ڈرامے ’بے بی باجی‘ سے ایک بار پھر ناظرین کے دلوں میں گھر کرنے والی اداکارہ جویریہ سعود نے انسٹاگرام پر اپنی اور شوہر کی تصویر شیئر کی، جس میں عقب میں قائد اعظم کی تصویر بھی موجود تھی، جبکہ اداکارہ نے سوشل میڈیا صارفین کو جشن آزادی کی مبارکباد بھی دی۔
اداکارہ اور مارنگ شو میزبان مایا خان نے بھی انسٹاگرام پر مداحوں سے تصویر شیئر کی، جس میں وہ کہہ رہی تھیں، ’جشن آزادی مبارک‘۔
اس سب میں اداکارہ نے سبز رنگ کا کوٹ زیب تن کیا تھا، جس پر چاند ستارے کا ڈیزائن بنا ہوا تھا۔
معروف فیشن ڈیزائنر حسن شہریار یاسین (ایچ ایس وائی) نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ویڈیو اپلوڈ کی تھی، جس میں ان کے آفس میں جشن آزادی کی تقریب منعقد ہوئی، اس موقع پر آفس کو سفید اور سبز رنگ کے غباروں سے سجایا گیا تھا، جشن آزادی کے موقع پر کیک کاٹ پر اسے منایا گیا۔
حیرت انگیز طور پر اداکارہ عمیمہ ملک نے جشن آزادی کےموقع پر انسٹاگرام اسٹوری اپلوڈ کی جس میں قائداعظم اور عمران خان کی تصاویر موجود تھیں۔
معروف ڈرامے ’سنو چندا‘ میں ارسل کی والدہ کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ نادیہ افگن نے پوسٹ میں لکھا کہ سدا سلامت رہے، میرے پیارے پاکستان، اللہ ہر پاکستانی کو محنتی، ایماندار اور سچا بنائے، اور ہم سب سے پہلے پاکستان کا سوچے، رنگ،نسل اور مذہب کی بنیاد پر فرقوں میں نہ بٹیں،اللہ ہم کو سیدھا اور سچا راستہ دکھائے اور ہمارے حکمرانوں کو شرم دلائے، اللہ اس ملک کو انسانوں اور جانوروں کے لیے محفوظ بنائے، آمین، پاکستان زندہ باد۔