• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:48pm
  • LHR: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:48pm
  • LHR: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

این ڈی ایم اے نے 12 اگست تک موسلادھار بارشوں، گلیشئیر پھٹنے کی وارننگ جاری کردی

شائع August 11, 2024
—فائل فوٹو: رائٹرز
—فائل فوٹو: رائٹرز

نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے اگلے 2 روز تک ملک کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارشوں اور گلیشئیر پھٹنے کے باعث سیلاب کی وارننگ جاری کردی ہے۔

ڈان کی رپورٹ کے مطابق 10 اگست کو جاری کی گئی ایڈوائزری میں این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں گلیشئیر پھٹنے کا امکان موجود ہے، جبکہ اسلام آباد، پنجاب اور بلوچستان کے کئی شہروں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق موجودہ موسمی صورتحال کے پیش نظر گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے چند علاقوں میں سیلابی صورتحال، گلیشئیر پھٹنے، لینڈ سلائڈنگ کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے، جبکہ 12 اگست تک دیر، سوات، کوہستان، استور، گلگت، اسکردو، غانچی اور شگار میں موسمی صورتحال خراب ہوسکتی ہے۔

غذر کی کرم بار جھیل اور بدسوات جھیل، بگروٹ ویلی کی ہنارچی جھیل، اپر چترال کی چناتر اور ریشون جھیلوں میں گلیشئیر پھٹنے سے سیلابی صورتحال پیدا ہونے کے امکانات زیادہ ہیں۔ مقامی رہائشیوں اور سیاحوں کو مذکورہ علاقوں میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

بارشوں کی پیش گوئی

این ڈی ایم اے کی ایڈوائزری کے مطابق آزاد کشمیر کے علاقوں نیلم ویلی، مظفرآباد، راولکوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھانکوٹی، کوٹلی، بھمبر اور میر پور میں گرج چمک کے ساتھ درمیانی سے موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔

جبکہ پنجاب میں مری، راولپنڈی، چکوال، تلہ گنگ، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، فیصل آباد، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ، پاک پتن، قصور، خوشاب اور سرگودھا میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، شہر اقتدار میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

بہاولپور، بہاولنگر، خانپور، ڈی جی خان، ملتان، بھکر، میانوالی، خانیوال، لودھراں، مظفرگڑھ،کوٹ ادو، راجن پور، رحیم یار خان اور لیہ میں بھی 10 اگست سے 11 اگست تک بارشوں کا امکان ہے۔

ادھر خیبر پختونخوا کے علاقوں دیر، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، شانگہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، باجوڑ، مہمند، خیبر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، صوابی، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، ہنگو، کُرم، اورکزئی، وزیرستان، لکی مروت اور ڈیرہ اسمٰعیل خان میں بھی بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

جبکہ بلوچستان کے علاقوں خضدار، لسبیلہ، قلات، ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، سبی، شیرانی، کوہلو، بولان، نصیرآباد، جعفرآباد اور مکران میں بھی بارشوں کی نوید سنائی گئی ہے۔

سندھ کے مٹھی، سانگھڑ، نوشہرہ فیروز، جامشورو، عمر کوٹ، تھرپارکر، میرپور خاص، خیرپور، ٹھٹہ، بدین، پڈعیدن، سجاول، کراچی اور حیدر آباد میں بھی بادلوں کے برسنے کا امکان ہے۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024