• KHI: Maghrib 5:55pm Isha 7:16pm
  • LHR: Maghrib 5:11pm Isha 6:37pm
  • ISB: Maghrib 5:11pm Isha 6:39pm
  • KHI: Maghrib 5:55pm Isha 7:16pm
  • LHR: Maghrib 5:11pm Isha 6:37pm
  • ISB: Maghrib 5:11pm Isha 6:39pm

پاکستان میں صرف 9 مئی بڑا حادثہ نہیں، تحقیقات کرنی ہیں تو سب کی کریں، محمود اچکزئی

شائع August 10, 2024
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

تحریک تحفظ آئین پاکستان کے چیئرمین اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے پاکستان میں صرف 9 مئی بڑا حادثہ نہیں ہے بلکہ ملک بننے کے 25 سال بعد ٹوٹ گیا تھا، یہ بڑا حادثہ تھا، ایک وزیر اعظم کو پھانسی دی گئی، بے نظیر بھٹو کو دن دیہاڑے قتل کیا گیا، اگر تحقیقات کرنی ہیں تو سب کی کریں۔

چیئرمین تحریک تحفظ آئین پاکستان محمود خان اچکزئی اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے اعزاز میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے لاہور میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

تقریب سے خطاب میں محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ناانصافی کے ساتھ یہ نظام مزید نہیں چل سکتا، اگر ملک میں بڑے حادثوں کی تحقیقات کرنی ہیں تو سب کی کریں، نہیں کرنی تو پھر اس نظام میں موجود تمام لوگوں کو توبہ کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ جو حکمران انصاف اور غریب آدمی کو روٹی نہیں دے سکتے انہیں حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں، ساری دنیا کو پتا ہے موجودہ حکومت دو نمبر طریقے سے آئی ہے، اگر ہم اداروں سے محاذ آرائی کے لیے چل پڑے تو پاکستان اس کا متحمل نہیں ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی ایوان میں اپوزیشن کو بولنے کی اجازت دینے کو تیار نہیں، عمران خان سب سے بڑی جماعت کا سربراہ ہو کر جیل میں ہے، بڑا سیاسی ظرف ہوتا کہ وزیراعظم شہباز شریف بانی تحریک انصاف کی رہائی کا بندوست کرتے۔

بنیادی طور پر یہ ایک ناجائز حکومت ہے، اسد قیصر

پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا کہ اس دفعہ 14 اگست کو حقیقی آزادی کے نام پر منائیں گے، اور جلسے اور جلوس نکالیں گے، حقیقی آزادی کے لیے جدوجہد کررہے ہیں، چاروں صوبوں میں حقیقی آزادی کے لیے سیمینار کریں گے، حقیقی آزادی کا مطلب آئین اور قانون کی بالادستی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آگے لیجانے کے لیے آئین پر عملدرآمد کروانا ہوگا، سارا ملک جانتا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے 8 فروری کے انتخابات میں پنجاب سے کتنی سیٹیں جیتیں ہیں، یہ بنیادی طور پر ایک ناجائز حکومت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز شریف ایک ناجائز حکومت میں بیٹھ کر خود مارشل لاء ایڈمنسٹریٹر کا تاثر دیتی ہیں، ووٹ کو عزت دینے کا نعرہ مارنے والے اپنے مخالفین کو جلسہ جلوس کرنے کی اجازت دینے کو تیار نہیں، اگر نواز شریف میں اخلاقی جرات ہوتی تو الیکشن شکست کو قبول کرلیتے۔

آئین کہتا ہے کہ عوام کے منتخب کردہ نمائندے ہی ریاست ہیں، لطیف کھوسہ

پی ٹی آئی رہنما لطیف کھوسہ نے کہا کہ چیف جسٹس نے کہہ دیا کہ اس ملک میں جنرلز اور بیوروکریٹ حکومت کر رہے ہیں، آئین کہتا ہے کہ عوام کے منتخب کردہ نمائندے ہی ریاست ہیں، کوئی افواج پاکستان سے ہو یا عدلیہ سے یا کسی ادارے سے ایک ہی حکومت ہے وہ پارلیمان ہے۔

انہوں نے کہا کہ باقی سب ریاست کے ملازم ہیں، ان کو عوام کے خون پسینے کے ٹیکسوں سے تنخواہ ملتی ہے، آئین ہی حدود و قیود متعین کرتا ہے، آئین کے تحفظ کی ذمہ داری محمود خان اچکزئی کے سپرد کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج علامہ اقبال اور قائد اعظم اور ذولفقار علی بھٹو کی روح تڑپ رہی ہوگی، اگر ملک فوج، اسٹیبلشمنٹ یا ایگزیکٹو نے چلانا ہے تو کیا عوام بھیڑ بھکریاں ہیں، پھر آئین کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دو، اللہ کے حکم کے مطابق حق حکمرانی عوام کا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 2 جنوری 2025
کارٹون : 1 جنوری 2025