• KHI: Zuhr 12:41pm Asr 4:28pm
  • LHR: Zuhr 12:12pm Asr 3:43pm
  • ISB: Zuhr 12:17pm Asr 3:43pm
  • KHI: Zuhr 12:41pm Asr 4:28pm
  • LHR: Zuhr 12:12pm Asr 3:43pm
  • ISB: Zuhr 12:17pm Asr 3:43pm

ارشد ندیم وطن واپسی کیلئے پیرس سے روانہ، قومی ہیرو کے فقیدالمثال استقبال کی تیاریاں

شائع August 10, 2024
فوٹو:ڈان نیوز
فوٹو:ڈان نیوز

پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کرنے والے ارشد ندیم وطن واپسی کے لیے پیرس سے روانہ ہوگئے جب کہ قومی ہیرو کے فقید المثال استقبال کے لیے تیاریاں جاری ہیں۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم پیرس سے براستہ استنبول رات ایک بجے پنجاب کے دارالحکومت لاہور پہنچیں گے۔

ان کے استقبال کے لیے تیاریاں جاری ہیں جب کہ ایئرپورٹ پر ارشد ندیم کے استقبال کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی آمد کا بھی امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے تمام متعلقہ وفاقی و سرکاری محکموں و اداروں کو ارشد ندیم کا شاندار استقبال کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

اس سلسلے میں چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود نے ارشد ندیم کو قوم کا سر فخر سے بلند کرنے پر فون کرکے مبارکباد دی اور قومی ایتھلیٹ کو آگاہ کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف آپ کے استقبال کے لیے آئیں گے۔

دوسری جانب بلاول بھٹو نے پی پی پنجاب کی قیادت کو ارشد ندیم کا استقبال کرنے کی ہدایت کی ہے، پیپلز پارٹی کا وفد لاہور ائیرپورٹ پرارشد ندیم کا شاندار استقبال کرے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز جیولن تھرو مقابلے میں اولمپک ریکارڈ بنانے والے ارشد ندیم کو طلائی تمغہ دے دیا گیا تھا، جب کہ بھارت کے نیرج چوپڑا کو چاندی اور گریناڈا کے اینڈرسن پیٹرز کو کانسی کا تمغہ دیا گیا تھا۔

8 اگست کو ارشد ندیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے اولمپک کی تاریخ کی سب سے بڑی 92.97 میٹر کی تھرو کرتے ہوئے پاکستان کو 40 سال بعد اولمپک میں گولڈ میڈل جتوایا تھا۔

پاکستان کے ارشد ندیم پہلی تھرو صحیح نہ کر سکے تھے اور ان کی پہلی تھرو کو فاؤل قرار دے دیا گیا تھا، تیسرے راؤنڈ میں پاکستان کے ارشد ندیم نے 88.72 میٹرز کی تھرو کی جبکہ جمہوریہ چیک کے جیکب ویڈلیج نے 88.50 میٹر دور نیزہ پھینکا تھا۔

ارشد ندیم نے چوتھی تھرو میں نیزہ 79.40 میٹرز دور پھینکا تھا، انہوں نے پانچویں تھرو کی تو نیزہ 84.87 میٹر دور جا گرا تھا۔

چھٹے اور آخری راؤنڈ میں پاکستان کے ارشد ندیم نے مقابلے میں دوسری بہترین تھرو کرتے ہوئے نیزہ 91.79 میٹرز دور پھینک کر اولمپک کی دوسری بہترین تھرو کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 15 جنوری 2025
کارٹون : 14 جنوری 2025