• KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

’برزخ‘ کو مکمل دیکھنے کے بعد تنقید کرنے والوں کو کہانی سمجھ آئے گی، صنم سعید

شائع August 8, 2024

اداکارہ صنم سعید نے ایک بار پھر اپنی ویب سیریز ’برزخ‘ کی طرفداری کرتے ہوئے اس پر تنقید کرنے والوں کے لیے کہا ہے کہ ڈرامے کو ایک بار مکمل دیکھنے کے بعد انہیں کہانی سمجھ آئے گی۔

صنم سعید نے حال ہی میں ہندوستان ٹائمز کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے بھارتی عوام کو اپنا بہن اور بھائی بھی قرار دیا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں لگتا ہےکہ پاکستانی اور بھارتی ایک ہی ہیں، ان کی روایات اور قدریں مشترکہ ہیں لیکن کچھ عرصے سے ان کی الگ الگ پرورش ہونے کی وجہ سے ان میں اختلاف اور تبدیلیاں آئی ہیں۔

ان کے مطابق پاکستانی لوگ بولی وڈ فلموں اور اسٹار پلس کے ذریعے بھارتی عوام کا طرز زندگی اور پسند نا پسند دیکھتے رہتے ہیں لیکن ہندوستانی افراد پاکستانیوں سے متعلق کچھ بھی نہیں جانتے اور نہ دیکھتے ہیں۔

صنم سعید نے کہا کہ انہیں آج تک بھارت میں جاکر کام کرنے کا موقع نہیں ملا، اس لیے وہ وہاں کام کرنے کے تجربے سے متعلق کچھ نہیں بتا سکتیں لیکن انہیں امید ہے کہ انہیں وہاں جاکر کام کرنے کا موقع ملے گا۔

اداکارہ نے اپنی متنازع ویب سیریز ’برزخ‘ کی تعریفیں کیں اور کہا کہ اس کی نہ صرف عکس بندی کمال کی ہے بلکہ اس کے کردار اور کہانی بھی شاندار ہے۔

انہوں نے کہا کہ جتنی توقع تھی، اس سے زیادہ برزخ کو پذیرائی اور محبت ملی لیکن بعض لوگوں کو ابھی تک کہانی سمجھ نہیں آ رہی۔

صنم سعید کا کہنا تھا کہ جس طرح لوگ برزخ کی تعریفیں کر رہے ہیں، اسی طرح بہت سارے افراد کو تاحال اس کی کہانی سمجھ نہیں آ رہی جب کہ ایسے لوگ جو کچھ مختلف مواد دیکھنے کے عادی نہیں، انہیں تو معاملہ ہی سمجھ نہیں آ رہا۔

انہوں نے ڈرامے میں ہم جنس پرستی دکھائے جانے کی تعریف کیے بغیر مبہم انداز میں کہا کہ جو لوگ برزخ پر تنقید کر رہے ہیں، وہ اسے مکمل دیکھیں اور تمام مواد کو آپس میں جوڑیں تو انہیں نہ صرف کہانی کا خلاصہ ملے گا بلکہ انہیں کہانی بھی سمجھ میں آئے گی۔

اس سے قبل بھی صنم سعید نے ایک انٹرویو میں برزخ میں ہم جنس پرستی دکھائے جانے کی تعریف کیے بغیر ویب سیریز کو شاندار قرار دیا تھا۔

برزخ کو 6 قسطوں میں یوٹیوب سمیت زی فائیو پر نشر کیا گیا تھا، اس کی پہلی قسط 19 جولائی اور آخری چھٹی قسط 6 اگست کو ریلیز کی گئی تھی۔

ویب سیریز میں دو مرد ہم جنس پرست کردار بھی دکھائے گئے تھے، جس پر پاکستانی شائقین نے شدید برہمی کا اظہار کیا تھا، جس کے بعد ڈرامے کی ٹیم نے اسے یوٹیوب سے ہٹانے کا اعلان کیا تھا۔

برزخ میں ہم جنس پرست کرداروں کو دکھانے پر فیشن ڈیزائنر ماریہ بی نے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن (پی ٹی اے) میں رپورٹ بھی درج کروا رکھی ہے جب کہ انہوں نے ویب سیریز کے خلاف عدالت میں بھی جانے کا اعلان کر رکھا ہے۔

ویب سیریز کی ہدایات عاصم عباسی نے دی تھی جب کہ اس کی تمام کاسٹ بھی پاکستانی تھی اور اس کی شوٹنگ بھی پاکستان میں ہی کی گئی تھی لیکن اسے بھارتی پروڈیوسرز اور زی فائیو نے پروڈیوس کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024