• KHI: Maghrib 6:04pm Isha 7:24pm
  • LHR: Maghrib 5:21pm Isha 6:47pm
  • ISB: Maghrib 5:22pm Isha 6:49pm
  • KHI: Maghrib 6:04pm Isha 7:24pm
  • LHR: Maghrib 5:21pm Isha 6:47pm
  • ISB: Maghrib 5:22pm Isha 6:49pm

پی ٹی آئی کی 13 اگست کو مینار پاکستان پر جلسے کیلئے دائر درخواست پر سماعت ملتوی

شائع August 8, 2024
فائل فوٹو: اے پی پی
فائل فوٹو: اے پی پی

لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مینار پاکستان پر 13 اگست کو جلسہ کرنے کی اجازت کے لیے دائر درخواست پر سماعت کل تک ملتوی کردی۔

ڈان نیوز کے مطابق جسٹس علی باقر نجفی نے اکمل خان کی درخواست پر سماعت کی۔

وکیل پی ٹی آئی نے عدالت کو بتایا کہ کل ڈپٹی کمشنر لاہور کو نئی درخواست جمع کروا دی ہے، اس پر سرکاری وکیل نے کہا کہ درخواست آگے متعلقہ ایجنسیز کو بھجوا دی ہے، اب ان کے جواب کا انتظار ہے۔

بعد ازاں عدالت نے مزید سماعت دوپہر ایک بجے تک ملتوی کردی۔

سماعت کے دوبارہ آغاز پر ڈپٹی کمشنر لاہور نے رپورٹ لاہور ہائی کورٹ میں جمع کروا دی۔

اس پر پنجاب حکومت کے وکیل نے کہا کہ لا اینڈ آرڈر کی صورتحال کے باعث جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے، ناصر باغ پر حکومت نے لاکھوں روپے لگا کر اس کی تزئین و آرائش کی ہے، موچی گیٹ رہائشی علاقہ ہے وہاں جلسہ کرنے سے شہریوں کو مسائل پیدا ہوں گے۔

سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ عدالتی حکم پر 100 فیصد عملدرآمد ہوگا، پنجاب حکومت کے وکیل نے مزید کہا کہ ہم نے یہ نہیں کہا کہ پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں ہے، اس پر جلسہ کرنے پر پابندی ہے۔

وکیل درخواستگزار خرم لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر لاہور نے وہی رپورٹ پیش کی جو پہلے دن پیش کی، کیا ہماری پارٹی پر مکمل جلسہ کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے؟ ہم جلسہ 19 یا 20 اگست کو کرلیتے ہیں اور انتظامیہ ہمیں بتا دیں یہ جگہ ہے ادھر جلسہ کرلیں، حکومت کی مرضی کے مطابق آئین تو نہیں چلے گا۔

اس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ درخواست گزار آپ کی مرضی کے مقام پر اور مرضی کی تاریخ پر جلسہ کرنا چاہتے ہیں، جماعت اسلامی کئی دنوں سے دھرنا دے کر بیٹھی ہوئی ہے. کیا آپ نے تمام سیاسی جماعتوں کو جلسے کرنے سے روک رکھا ہے؟ دھرنا تو دیا جارہا ہے، یا پھر پی ٹی آئی کے حوالے سے کوئی پالیسی الگ سے بنائی ہے تو وہ بتا دیں؟ یا پھر درخواست گزار کے حوالے سے ساری سختیاں کی گئیں ہیں؟

اس پر وکیل پنجاب حکومت نے جواب دیا کہ جماعت اسلامی کا بالکل دھرنا جاری ہے، وہ بغیر اجازت کیا جارہا ہے ۔

جسٹس علی باقر نجفی نے دریافت کیا کہ کیا پھر آپ نے دھرنے والی جماعت پر مقدمات درج کیے؟ وکیل پنجاب حکومت نے بتایا کہ میرے علم میں نہیں ہے، ہوسکتا ہے راولپنڈی میں کوئی مقدمات درج ہوئے ہوں، جلسہ کرنے والی پارٹی کا رویہ بھی دیکھنا ہوتا ہے۔

جسٹس علی باقر نجفی نے کہا کہ سیاسی جماعت آپ کو جلسے سے متعلق بیان حلفی جمع کروا دیتی ہے، اگر اس کے باوجود پی ٹی آئی غیر قانونی سرگرمی کرتی ہے تو قانون اپنا راستہ بنا لے۔ آپ کو خطرہ کس چیز سے ہے آپ حکومت میں ہیں، آپ کی حکومت ہے کس چیز کا ڈر ہے؟ کوئی شہر میں 2 مرلے یا پانچ مرلے کی جگہ ہے تو یہ جلسہ کرلیں۔

وکیل پنجاب حکومت نے جواب دیا کہ انہوں نے کہاں اتنی کم جگہ پر پورا آنا ہے ۔

اس بات پر عدالت میں قہقہے لگ گئے۔

بعد ازاں عدالت نے سرکاری وکیل کو کل تک ہدایات لے کر پیش ہونے کی ہدایت کردی۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ کل آپ عدالتی سوالات کے جوابات لے کر آئیں اور سماعت کل تک ملتوی کردی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز 14 اگست کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت نہ ملنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے 13 اگست کو جلسے کے لیے ڈپٹی کمشنر لاہور کو درخواست جمع کرادی تھی۔

پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب کے سنیئر نائب صدر اکمل خان باری نے مینار پاکستان، موچی دروازہ اور ناصر باغ میں جلسے کی اجازت کے لیے درخواست جمع کرائی۔

درخواست میں کہا گیا کہ 13 اگست کو مینار پاکستان، موچی دروازہ یا ناصرباغ سے کسی ایک مقام پرجلسے کی اجازت دی جائے۔

ڈپٹی کمشنر کو دی گئی درخواست میں کہا گیا کہ ہم جلسے میں قواعد و ضوابط کی مکمل پابندی کریں گے۔

درخواست کے متن میں لکھا گیا کہ تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے لہٰذا جلسے کی اجازت دی جائے۔

کارٹون

کارٹون : 15 جنوری 2025
کارٹون : 14 جنوری 2025