بنگلہ دیش: برطرف انٹیلی جنس چیف بیرون ملک فرار کی کوشش کے دوران گرفتار
بنگلہ دیش میں گزشتہ روز عہدے سے ہٹائے گئے انٹیلی جنس چیف میجر جنرل ضیا الاحسن کو ملک سے فرار ہوتے ہوئے گرفتار کرلیا گیا۔
بنگلادیشی میڈیا کے مطابق ضیا الاحسن کو طیارے سے گرفتار کر کے ڈھاکا چھاؤنی منتقل کردیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ڈھاکا ایئرپورٹ کے رن وے پر اُڑان کے لیے تیار طیارے کو ہنگامی طور پر رن وے سے واپس بورڈنگ برج لایا گیا اور تلاشی لی گئی۔
میجر جنرل ضیا الحسن کو گزشتہ روز ان کے عہدے سے برطرف کیا گیا تھا، وہ مستعفی وزیراعظم حسینہ واجد کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ شیخ حسینہ واجد کے ملک سے فرار ہونے کے بعد بنگلہ دیشی فوج کے اعلیٰ عہدوں میں اکھاڑ پچھاڑ کی گئی جب کہ سابق وزیراعظم کے قریبی میجر جنرل ضیا الاحسن کو ملازمت سے فارغ کر دیا گیا۔
بنگلہ دیش کے سرکاری خبررساں ادارے بنگلہ دیش سنگباد سنگستھا (بی ایس ایس) کے مطابق بنگلہ دیش میں سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے مستعفیٰ ہونے کے بعد فوج میں اعلیٰ سطح پر ردو بدل کی گئی۔
بنگلہ دیشی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز میں کہا گیا کہ میجر جنرل ضیا الاحسن کو ملازمت سے فارغ کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میجر جنرل ضیا الاحسن کی جگہ میجر جنرل ردوان الرحمٰن ڈی جی این ٹی ایم سی ہوں گے۔
بنگلہ دیشی فوج کے ترجمان کی پریس ریلیز میں کہا گیا کہ لیفٹیننٹ جنرل محمد سیف العالم کو وزارت خارجہ میں تعینات کیا گیا، لیفٹیننٹ جنرل مجیب الرحمٰن جی او سی آرمی ٹریننگ اور ڈاکٹرائن کمانڈ ہوں گے۔
اس کے علاوہ لیفٹیننٹ جنرل احمد تبریز شمس چوہدری کو کوارٹر ماسٹر جنرل آف آرمی تعینات کیا گیا ہے، لیفٹیننٹ جنرل میزان الرحمٰن شمیم کو چیف آف جنرل اسٹاف تعینات کیا گیا ہے، جب کہ لیفٹیننٹ جنرل محمد شاہین الحق بطور کمانڈنٹ این ڈی سی خدمات انجام دیں گے۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں گزشتہ کئی ہفتوں سے سرکاری ملازمتوں کے لیے کوٹہ سسٹم کے خلاف ہونے والے شدید مظاہروں اور پُرتشدد احتجاج کے بعد وزیراعظم حسینہ واجد نے استعفیٰ دے دیا تھا۔
حسینہ واجد ڈھاکا میں اپنی رہائش گاہ سے بھارت روانہ ہوئیں تھیں، بنگلہ دیش کے آرمی چیف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے حکومتی سربراہ کے استعفے کی تصدیق کی اور ملک میں عبوری حکومت قائم کرنے کا اعلان کیا تھا۔