• KHI: Zuhr 12:41pm Asr 4:28pm
  • LHR: Zuhr 12:12pm Asr 3:43pm
  • ISB: Zuhr 12:17pm Asr 3:43pm
  • KHI: Zuhr 12:41pm Asr 4:28pm
  • LHR: Zuhr 12:12pm Asr 3:43pm
  • ISB: Zuhr 12:17pm Asr 3:43pm

’بنگلہ دیشی عوام نے فیصلہ دیدیا، عمران خان کو کوئی بتائے مکافات عمل بے رحم ہوتا ہے‘

شائع August 6, 2024
فائل فوٹو: ایکس
فائل فوٹو: ایکس

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بنگلہ دیشی عوام نے فیصلہ دے دیا کہ غدار کون ہے اور کون تھا، عمران خان کو کوئی بتائے کہ مکافات عمل بہت بے رحم ہوتا ہے۔

بنگلہ دیش میں کئی ہفتوں سے سرکاری ملازمتوں کے لیے کوٹہ سسٹم کے خلاف ہونے والے پُرتشدد احتجاج کے بعد وزیراعظم حسینہ واجد نے گزشتہ روز استعفیٰ دے دیا اور وہ اپنی سرکاری رہائش گاہ سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے بھارت روانہ ہوگئی تھیں۔

اس حوالے سے حکمران جماعت کے اہم رہنما اور وفاقی وزیر خواجہ آصف نے مائیکر بلاگنگ کی ویب سائٹ پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی ایک پرانی پوسٹ شئیر کرتے ہوئے ردعمل کا اظہار کیا۔

انہوں نے لکھا’ بنگلہ دیشی عوام نے فیصلہ دے دیا کہ غدار کون ہے اور کون تھا، بیٹی کو پناہ کہاں ملی، مجیب الرحمٰن کے مجسموں کے ساتھ کیا ہورہا ہے’۔

خواجہ آصف نے کہا کہ تاریخ نے اپنا فیصلہ دے دیا ہے، عمران خان کو کوئی بتائے کے مکافات عمل بڑی بے رحم ہوتی ہے۔

یاد رہے کہ موجودہ سیاسی صورتحال کا سقوط ڈھاکا سے موازنہ کرنے سے متعلق 27 مئی کو عمران خان کے آفیشل اکاؤنٹ نے ان سے منسوب بیان کے ساتھ ایک ویڈیو شیئر کی گئی کہ ’ہر پاکستانی کو حمود الرحمٰن کمیشن رپورٹ کا مطالعہ کرنا چاہیے اور جاننا چاہیے کہ اصل غدار کون تھا، جنرل یحییٰ خان یا شیخ مجیب الرحمٰن۔‘

ویڈیو میں پاکستانی فوج کی طرف سے کیے گئے مبینہ مظالم کا حوالہ دیتے ہوئے دلیل دی گئی کہ خانہ جنگی کے دوران سابق فوجی آمر ہی اصل میں ملک کے ٹوٹنے کا ذمہ دار تھا۔

ویڈیو میں موجودہ سویلین اور عسکری قیادت کی تصاویر کو بھی ایک دوسرے سے ملایا گیا، جس میں الزام لگایا گیا کہ انہوں نے عام انتخابات میں پارٹی کا مینڈیٹ چرایا۔ اس پوسٹ کا دفاع کرتے ہوئے، بیرسٹر گوہر نے پہلے اصرار کیا تھا کہ یہ پیغام سیاسی نقطہ بنا رہا ہے اور فوج کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں حکومت مخالف مظاہروں میں جھڑپوں کے دوران مرنے والوں کی مجموعی تعداد 300 سے تجاوز کر چکی ہیں، تاہم بنگلہ دیشی وزیراعظم کے مستعفی ہونے کے بعد ملک میں نافذ کرفیو ہٹادیاگیا۔

بنگلہ دیش کے آرمی چیف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش کو مخلوط حکومت کے ذریعے چلایا جائے گا، عوام کے تمام مطالبات تسلیم کیے جائیں گے۔

اسٹوڈنٹس اگینسٹ ڈسکریمینیشن (ایس اے ڈی) کے مرکزی رہنما ناہید اسلام نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ عبوری حکومت قائم کی جائے جس میں بین الاقوامی شہرت یافتہ، نوبل انعام یافتہ ڈاکٹر محمد یونس چیف ایڈوائزر ہوں گے۔

کارٹون

کارٹون : 15 جنوری 2025
کارٹون : 14 جنوری 2025