مولانا فضل الرحمٰن کی قطر میں فلسطین، حماس کے رہنماؤں سے ملاقات
جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے قطر میں فلسطین اور حماس کے رہنماؤں سے ملاقات کی اور اسمٰعیل ہنیہ اور غزہ کے شہدا پر حماس رہنما خالد مشعل سے پاکستان کی عوام کی جانب سے تعزیت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ شہید اسمٰعیل ہنیہ کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، مرحوم کی شہادت سے فلسطین کی جدوجہد آزادی کو تقویت ملے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ شہید اسمٰعیل ہنیہ کی شہادت پر پورا عالم اسلام افسردہ ہے، مسجد اقصیٰ کو صیہونی غاصبوں سے آزاد کرنا مسلمانوں پر فرض ہے، حماس رہنماؤں کے حوصلے بہت بلند تھے۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ فلسطینی عوام اور امت مسلمہ کسی صورت مسجد اقصیٰ اور فلسطین کی آزادی سے دستبردار نہیں ہوں گے، پوری پاکستانی قوم فلسطینیوں کی جدوجہد آزادی میں ان کے شانہ بشانہ ہیں۔
خیال رہے کہ حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ اسمعٰیل ہنیہ کو 31 جولائی کو تہران میں اس وقت شہید کردیا گیا جب وہ نومنتخب ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی تقریب حلف برداری کے سلسلے میں ایران میں موجود تھے۔
ایران کے دارالحکومت تہران میں سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اسمعٰیل ہنیہ کی نماز جنازہ پڑھائی جس کے بعد جسد خاکی کو قطر منتقل کرکے ان کی رہائش گاہ پہنچایا گیا جہاں ان کی تدفین کی گئی۔