ہم جنس پرستی کا ذکر کیے بغیر صنم سعید کی ’برزخ‘ کی تعریف
صنم سعید کو ہم جنس پرست کرداروں کا ذکر کیے بغیر تنازعات کی شکار ویب سیریز ’برزخ‘ کی تعریفیں کرنے پر تنقید کا سامنا ہے۔
اداکارہ نے حال ہی میں ملیحہ رحمٰن کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے کیریئر اور اپنے آنے والے منصوبوں پر بات کرنے سمیت ’برزخ‘ پر بھی بات کی۔
اداکارہ نے ’برزخ‘ پر بات کرتے ہوئے نہ صرف اپنے لیے بلکہ تمام کاسٹ اور خصوصی طور پر ہدایت کار عاصم عباسی کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ قرار دیا۔
اداکارہ نے انکشاف کیا کہ ’برزخ‘ کی کہانی عاصم عباسی کے والد نے لکھی ہے جو کچھ ہی عرصہ قبل انتقال کر گئے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ویب سیریز کی شوٹنگ چترال سمیت دیگر خوبصورت مقامات پر کی گئی اور اس کی تیاری میں کافی وقت لگا، ہر کوئی کافی عرصے تک ان سے ’برزخ‘ کی ریلیز سے متعلق پوچھتا رہتا تھا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے ’برزخ‘ میں ہم جنس پرست کرداروں کو دکھائے جانے کا ذکر کیے بغیر اس کے تمام کرداروں کی تعریفیں کیں۔
صنم سعید کے مطابق ’برزخ‘ کے نہ صرف کردار بلکہ اس کی کہانی اور اس کی تھیم بھی بہت منفرد اور خوبصورت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ’برزخ‘ نہ صرف تمام کاسٹ بلکہ ہدایت کار کے لیے بھی انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے۔
اگرچہ صنم سعید نے انٹرویو کے دوران ’برزخ‘ میں دو ہم جنس پرست مرد کرداروں کو شامل کیے جانے کا ذکر نہیں کیا، تاہم ان کی جانب سے ویب سیریز کی تعریفیں کیے جانے پر شائقین ان سے نالاں دکھائی دیے اور ان پر خوب تنقید کی۔
خیال رہے کہ فواد خان اور صنم سعید سمیت دیگر افراد کی کاسٹ پر مبنی ویب سیریز ’برزخ‘ کی تیسری قسط میں دو مرد کرداروں کو ایک دوسرے کی جانب رومانوی انداز میں راغب دکھایا گیا تھا۔
اگرچہ دونوں مرد کرداروں کے درمیان بوس و کنار کے مناظر ویب سیریز کا حصہ نہیں، تاہم انہیں انتہائی قریب سے رومانوی انداز میں دکھایا گیا تھا۔
شائقین نے ’برزخ‘ میں ہم جنس پرستی کے مناظر دکھانے پر برہمی کا اظہار بھی کیا تھا، تاہم ویب سیریز کے ہدایت کار عاصم عباسی نے ایسے مناظر کو دکھانے کا دفاع بھی کیا تھا۔