• KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm

چیف جسٹس کیخلاف تشدد پر اکسانے کا معاملہ: پنجاب میں ٹی ایل پی کے 31 کارکنوں پر مقدمہ درج

شائع August 2, 2024
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ  — فائل فوٹو: سپریم کورٹ  ویب سائٹ
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ — فائل فوٹو: سپریم کورٹ ویب سائٹ

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف احتجاج اور جلوس نکالنے کی منصوبہ بندی کرنے پر پنجاب کے 3 شہروں میں ایک مدرسے کے منتظم اور جماعت کے ضلعی امیر سمیت تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے 31 کارکنوں کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ (اے ٹی اے) اور پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق راولپنڈی میں تھانہ ایئرپورٹ نے سب انسپکٹر اعجاز حسین گھمن کی رپورٹ پر 28 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا، ایف آئی آر میں افسر نے کہا کہ وہ ہائی کورٹ روڈ پر رات کے گشت پر تھے جب انہیں اطلاع ملی کہ سید عنایت الحق سلطان پوری کے زیر انتظام ایسٹریج ہاؤسنگ سوسائٹی میں واقع جامعہ ضیا العلوم میں کچھ لوگ جمع ہو رہے ہیں۔

رپورٹ میں الزام لگایا گیا کہ مفتی عمیر، ڈاکٹر شفیق امین، علامہ محمد شفیق قادری، چوہدری رضوان احمد صفی، پیر سید عرفان حمید شاہ، علامہ رب نواز فاروقی اور ایڈووکیٹ چوہدری تیمور سمیت ملزمان ملک بھر میں چیف جسٹس کے خلاف احتجاج اور جلوس نکالنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

ایف آئی آر میں مزید کہا گیا کہ ملزمان نے ملک کے اعلیٰ جج کے خلاف تقاریر کیں، مذہبی منافرت پھیلائی اور مجرمانہ سازش رچی۔

شکایت کنندہ کا کہنا تھا کہ ایک ڈیٹیکٹو فٹ کانسٹیبل (ڈی ایف سی) عامر حمید، جو کہ سادہ کپڑوں میں اجلاس میں شریک تھے، نے مدرسہ میں طلبا کی ملاقات اور موجودگی کی تصدیق کی، بعد ازاں طلبا کا ایک گروپ پک اپ ٹرکوں، لینڈ کروزرز، رکشوں اور موٹر سائیکلوں پر سوار ہوا اور ہائی کورٹ کی عمارت کے قریب انہوں نے سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔

یونیفارم میں ملبوس تقریباً 15 سے 20 مظاہرین نے ہتھیار اٹھا رکھے تھے، لیکن پولیس نے ٹریفک کو بحال کروالیا، تاہم کیس میں ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ میں انسپکٹر محمد یاسین کی شکایت پر ٹی ایل پی ٹوبہ کے امیر محسن رضا کے خلاف اے ٹی اے اور پی پی سی کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی جنہوں نے 28 جولائی کو جھنگ روڈ پر ڈسٹرکٹ پریس کلب کے باہر ٹی ایل پی کے 60 کارکنوں کی ریلی کی قیادت کی اور انہیں چیف جسٹس پر تشدد کرنے کے لیے اکسایا۔

پولیس نے محسن رضا کی گرفتاری کے لیے ان کے آبائی شہر گوجرہ میں چھاپے مارے لیکن وہ وہاں موجود نہیں تھے، ایسی اطلاعات ہیں کہ پولیس نے ان کے کچھ رشتہ داروں کو گرفتار کر لیا تاکہ انہیں گرفتار کرنے کے لیے خاندان پر دباؤ ڈالا جا سکے۔

پاکپتن کی صدر پولیس اور ضلع ساہیوال کی ڈیرہ رحیم پولیس نے بھی ٹی ایل پی کے نائب امیر سید ظہیر الحسن کی حمایت کرنے پر 2 افراد کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کیے جنہوں نے چیف جسٹس کو دھمکیاں دی تھیں، پولیس نے دعویٰ کیا کہ دونوں ملزمان نے چیف جسٹس کے خلاف تشدد پر اکسایا بھی تھا۔

پاکپتن پولیس نے آبادی اسلم آباد کے رہائشی عبدالرحمن کے خلاف مقدمہ درج کر لیا اور ساہیوال پولیس نے پولیس انسپکٹرز کی شکایت پر چک 143/9-L تحصیل چیچہ وطنی کے رہائشی محمد اعجاز رضوی کے خلاف مقدمہ درج کریا ہے۔

ٹی ایل پی نے مبارک ثانی کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف ملک کے مختلف حصوں میں اجتماعات کا ایک سلسلہ منعقد کیا ، جس میں حال ہی میں عدالت نے پنجاب حکومت کی جانب سے دائر کی گئی درخواست کی روشنی میں جائزہ لیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024