• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

حزب اللہ کی اسرائیلی حملے میں سینئر ترین کمانڈر فواد شکر کی شہادت کی تصدیق

شائع August 1, 2024
لبنان کے سینئر کمانڈر فواد شکر— فوٹو: اے ایف پی
لبنان کے سینئر کمانڈر فواد شکر— فوٹو: اے ایف پی

ایران کی حمایت یافتہ لبنان کی تنظیم حزب اللہ نے اسرائیل کے فضائی حملے میں اپنے سب سے سینئر کمانڈر فواد شُکر کی شہادت کی تصدیق کردی ہے۔

خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق غزہ میں جاری تنازع میں یہ اب تک لبنان کے سب سے سینئر کمانڈر کی موت ہوئی ہے۔

حزب اللہ کا کہنا ہے کہ سیکریٹری جنرل حسن نصراللہ اس معاملے پر منگل کو فواد شکر کے جنازے کے موقع پر گفتگو کریں گے۔

حزب اللہ کے ذرائع نے بتایا کہ سینئر ترین کمانڈر فواد شُکر سیکریٹری جنرل حسن نصراللہ کے مشیر تھے۔

دو لبنانی سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی حملوں کے 24 گھنٹے بعد فواد شُکر کی لاش ملبے کے نیچے سے ملی جہاں اس حملے میں کم از کم دو خواتین اور دو بچے شہید ہو گئے تھے۔

یاد رہے کہ لبنان پر یہ حملہ ایران پر کیے گئے حملے سے کچھ دیر قبل ہی کیا گیا تھا جہاں ایران پر کیے گئے اس حملے میں حماس کے سربراہ اسمٰعیل ہنیہ شہید ہو گئے تھے۔

اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلنٹ نے کہا کہ فواد شُکر کے ہاتھوں پر بہت سے اسرائیلیوں کا خون ہے، آج رات ہم نے دکھایا کہ ہمارے لوگوں کے خون کی قیمت ہے اور اس مقصد کی تکمیل کے لیے ہماری افواج کی پہنچ سے باہر کوئی جگہ نہیں ہے۔

حزب اللہ کے رکن پارلیمنٹ علی عمار نے کہا کہ یہ دشمن اسرائیل جنگ کا خواہاں ہے اور ہم اس کے لیے تیار ہیں، انشااللہ، ہم اس کے لیے تیار ہیں۔

واضح رہے کہ گولان ہائٹس پر حملے میں 12 اسرائیلوں کی ہلاکت کے بعد اسرائیل کی فوج نے حملے کا الزام حزب اللہ پر لگاتے ہوئے بیروت پر ایک فضائی حملے میں حزب اللہ کے سب سے سینئر کمانڈر فواد شکر کو قتل کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024