پیٹرول 6.17 اور ڈیزل 10.86 روپے سستا کردیا گیا
وفاقی حکومت نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 6 روپے 17 پیسے اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 10 روپے 86 پیسے کی کمی کردی۔
ڈان نیوز کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی منظوری دی۔
منظوری کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 6 روپے 17 پیسے کم کردی گئی ہے جبکہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 10 روپے 86 پیسے کی کمی کی گئی ہے۔
مزید براں مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی 6 روپے 32 پیسے کی کمی کی گئی ہے جبکہ لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی قیمت بھی 5 روپے 72 پیسے فی لیٹر کم کردی گئی ہے۔
وزیر اعظم کی منظوری کے بعد وزارت خزانہ نے قیمتوں میں کمی کا باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کردیا۔
یاد رہے کہ 15 جولائی کو حکومت نے عوام کی معاشی مشکلات میں مزید اضافہ کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں 9 روپے 99 پیسے کا بڑا اضافہ کردیا تھا، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 6 روپے 18 پیسے بڑھائی تھی۔
حکومت نے رواں مالی سال کے لیے پیٹرول لیوی کی حد بھی 60 روپے سے بڑھا کر 70 روپے کردی ہے۔
قبل ازیں 30 جون کو وزارت خزانہ نے وزیراعظم کی منظوری کے بعد نئے مالی سال کے آغاز کے ساتھ ہی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں 9 روپے فی لیٹر سے زائد اضافے کا اعلان کیا تھا۔
وزارت خزانہ سے جاری اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 7 روپے 45 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 9 روپے 56 پیسےکا اضافہ کیا گیا ہے۔