خیبرپختونخوا میں 93 فیصد غیر معیاری اور مضر صحت دودھ کے استعمال کا انکشاف
خیبرپختونخوا میں 93 فیصد افراد کے غیر معیاری اور مضر صحت دودھ استعمال کرنے کا انکشاف ہوا ہے اور کیمیکلز ملے دودھ سے خطرنا ک بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے۔
خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں 93 فیصد لوگ غیر معیاری اور مضر صحت دودھ استعمال کر رہے ہیں اور صرف 7 فیصد دودھ استعمال کے قابل ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کیمیکل ملا دودھ خطرناک بیماریاں پھیلانے کا سبب بن رہا ہے۔
ڈی جی حلال فوڈ اتھارٹی محمد واصف سید نے کہا کہ صوبے میں پہلی بار ایسا اقدام اٹھایا گیا ہے۔
حکام کے مطابق دودھ کے 583 میں سے 541 نمونے غیر معیاری اور مضر صحت پائے گئے۔
417 نمونوں میں پانی، 106 میں گلوکوز، 17 میں خطرناک کیمیکل فارمل ڈی ہائیڈز کی ملاوٹ پائی گئی۔
تاہم دودھ فروشوں نے سرکاری حکام کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دودھ میں کوئی ملاوٹ نہیں۔