• KHI: Fajr 5:57am Sunrise 7:18am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am
  • KHI: Fajr 5:57am Sunrise 7:18am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am

آئی پی پیز حکومت کی مجبوری نہیں، نالائقی، نااہلی اور کرپشن ہے، امیر جماعت اسلامی

شائع July 30, 2024
امیر جماعت اسلامی کارکنوں سے خطاب کررہے تھے— فوٹو بشکریہ فیس بک
امیر جماعت اسلامی کارکنوں سے خطاب کررہے تھے— فوٹو بشکریہ فیس بک

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی نااہلی کا عذاب پوری قوم بھگت رہی ہے، آئی پی پیز حکومت کی مجبوری نہیں بلکہ نالائقی، نااہلی اور کرپشن ہے لیکن ممکن نہیں رہا کہ لوگ بھاری بل کے ساتھ اپنی ضروریات پوری کرسکیں۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافط نعیم الرحمٰن نے راولپنڈی میں دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ کھانے پینے کی چیزوں پر بھی ٹیکس لگادیتے ہیں، انہوں نے بنیادی اشیائے خوردونوش پر 18 فیصد تک ٹیکس لگادیا، بچوں کے دودھ پر ٹیکس لگادیا، اس کے بعد لوگ کچھ کھائیں، پیئے، بل دیں یا گھر کا کرایہ دیں۔

انہوں نے کہا کہ چھوٹے کاروباری تو چھوڑیں اب تو بڑے کاروباری بھی کہہ رہے ہیں کہ ہماری صنعت نہیں چل رہی ہے، کیوں کہ حکومت کی جو ظالمانہ پالیسی ہے ، اس کے نتیجے میں صنعتیں بند ہورہی ہیں۔

حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ حکومت یہ بات کہتی ہے کہ ہماری مجبوری ہے، یہ مجبوریاں نہیں بلکہ نالائقی، نااہلی اور کرپشن ہے جو پوری قوم کو بھگتنا پڑرہا ہے، جب کہ ہمارے وزرا یہ اعلان کرتے ہیں کہ ہم آئی پی پیز سے بات نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہا کہ یہ معاہدے پیپلزپارٹی کے دور حکومت سے شروع ہوئے، پہلے 35 کمپنیوں سے معاہدے ہوئے اور پھر مشرف دور میں 45 کمپنیوں اور پھر نوازشریف کے زمانے میں تقریباً 120 کمپنیوں سے بات ہوئی، پی ٹی آئی کے دور حکومت میں بھی تقریباً 30 سے 35 کمپنیوں سے بات ہوئی، اور اس وقت بھی 100 سے 124 آئی پی پیز کی فہرست آتی ہے۔

ان کا کہنا تھا یہ معاہدے اور حقائق قوم کے سامنے نہیں لائے جاتے، یہ لوگ کہتے ہیں کہ ہم وہ معاہدے قوم کے سامنے نہیں لاسکتے، آپ قوم کا خون نچوڑ سکتے ہیں، بل زیادہ کرسکتے ہیں، لیکن معاہدے سامنے نہیں لائے جاسکتے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ ان معاہدوں میں جو ظلم انہوں نے کیا کہ اس حوالے سے ایک آئی پی پی کا حوالہ دیتا ہوں جو اس وقت چل رہی ہے، حکومت کہتی ہے آپ آر ایل این جی پر اس کو چلائیں، اس کا جو ایف سی سی ہوتا ہے یعنی فیول کی قیمت 24.01 کلو واٹ فی گھنٹہ ہے جو مئی کے مہینے میں ادا کی گئی اور جون میں 24.78 روپے کلو واٹ فی گھنٹہ پڑا، اگر یہ امپورٹڈ کوئلہ پر بھی لیتے تو 16.82 اور 15.53 پڑتا، اس کا مطلب تقریبا 7 سے 9 روپے کا فرق ہے اور اگر یہ تھرکول پر ہوتا تو یہ مزید 40 فیصد کم ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ یہ آر ایل این جی کیو استعمال کروارہے ہیں تو وہ اس لیے کہ انہوں نے ناجائز معاہدے کیے ہوئے ہیں، انہوں نے کک بیک لیے ہوں گے جبھی تو یہ معاہدہ ہوئے ہوں گے، اور یہ غلط وقت پر اس کی خریداری اور بڈنگ کی بات کرتے ہیں، ان کی نااہلی کا عذاب پوری قوم بھگت رہی ہے اور یہ کہتے ہیں کہ ہم کچھ کر نہیں سکتے۔

’1300 سی سی گاڑیوں کے استعمال سے ایک سال میں 350 ارب کا فائدہ ہوسکتا ہے‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ روز ہم نے مطالبہ کیا تھا کہ وزیراعظم، وزیراعلیٰ، گورنرز تمام وزرا اور سرکاری افسران 1300 سی سی گاڑیاں استعمال کریں، وزیراعظم فوری طور پر اس حوالے سے اعلان کریں، اس اعلان سے انہیں کون روک رہا ہے، حالانکہ صرف اس ایک اقدام سے پاکستانی قوم کو ایک سال کے اندر تقریباً 350 ارب روپے کا فائدہ ہوسکتا ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ان گاڑیوں کا خرچہ سرکار کی جیب سے نہیں بلکہ عوام ادا کررہی ہوتی ہے، تنخوا دار کا ٹیکس کٹ رہا ہوتا ہے تو ان کی گاڑیاں چل رہی ہوتی ہیں، یہ ہمارے بلوں میں ٹیکس کی صورت میں یہ پیسے وصول کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سرکار کے پاس جو 2000 سی سی سے جتنی بھی بڑی گاڑیاں ہیں اگر صرف انہیں اس وقت فروخت کردیا جائے تو ایک ہزار سے ڈیڑھ ہزار ارب روپے ابھی فوری مل جائیں گے، لیکن یہ اپنی مراعات کم نہیں کرنا چاہتے لیکن قوم کو کہتے ہیں کہ بجلی، گیس اور پیٹرول کی قیمت کم نہیں کرسکتے۔

واضح رہے کہ جماعت اسلامی کا بجلی کی زائد قیمتوں، آئی پی پیز اور مہنگائی و ٹیکسز کے خلاف دھرنا پانچویں روز میں داخل ہوگیا ہے۔

بعد ازاں، جماعت اسلامی نے احتجاج کا دائرہ دیگر شہروں میں پھیلانے کا فیصلہ کرلیا، سیکریٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہا کہ پارٹی کی قیادت نے تین مقامات پر دھرنا دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 6 جنوری 2025
کارٹون : 5 جنوری 2025