بشریٰ بی بی کی مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست: ایف آئی اے، بلوچستان پولیس کو دوبارہ نوٹس
اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی کسز کی تفصیلات فراہمی کے کیس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے اور بلوچستان پولیس کو دوبارہ نوٹس جاری کردیے۔
ڈان نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی، سردار لطیف کھوسہ کے معاون وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے آغاز پر قومی احتساب بیورو (نیب) نے عدالتی حکم پر جواب جمع کروادیا، نیب پراسیکیوٹر رافع مقصود نے بتایا کہ بشریٰ بی بی کے خلاف نیب میں 4 کیس درج ہی، 3 کیس نیب راولپنڈی میں درج ہیں جبکہ ایک کیس نیب لاہور میں درج ہے۔
بعد ازاں راولپنڈی پولیس اور اسلام آباد پولیس نے بھی اپنا جواب جمع کروادیا تاہم ایف آئی اے اور بلوچستان پولیس نے اپنا جواب عدالت میں جمع نہیں کروایا۔
بعد ازاں عدالت نے ایف آئی اے اور بلوچستان پولیس کو پیر کے لیے دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت پیر تک ملتوی کردی۔
یاد رہے کہ 24 جولائی کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے بشریٰ بی بی کی مقدمات کی تفصیلات، نئے کیس میں گرفتاری سے بچنے کے لئے دائر درخواست پر وزارت داخلہ، وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)، پولیس اور نیب کو نوٹسسز جاری کردیے تھے۔
22 جولائی کو بشریٰ بی بی نے لاہور ہائی کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ میں مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے اور نئے کیس میں گرفتاری روکنے کی درخواست دائر کردی تھی۔