• KHI: Fajr 5:31am Sunrise 6:51am
  • LHR: Fajr 5:09am Sunrise 6:33am
  • ISB: Fajr 5:16am Sunrise 6:43am
  • KHI: Fajr 5:31am Sunrise 6:51am
  • LHR: Fajr 5:09am Sunrise 6:33am
  • ISB: Fajr 5:16am Sunrise 6:43am

عشرت العباد کی سیاست میں واپسی، جلد پاکستان آکر نئی پارٹی بنانے کا اعلان

شائع July 30, 2024
فائل فوٹو: اوپن سورس میڈیا
فائل فوٹو: اوپن سورس میڈیا

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سابق رہنما اور سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے ایک بار پھر سے سیاست میں عملی طور پر قدم رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور انہوں نے جلد پاکستان واپس آکر نئی پارٹی بنانے کا اعلان بھی کردیا۔

جیو نیوز سے گفتگو کے دوران ڈاکٹر عشرت العباد نے جلد پاکستان واپسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نئی سیاسی جماعت بنائیں گے، جب کہ اختلاف بالائے طاق رکھ کر نئی جماعت میں ایم کیو ایم پاکستان کو بھی شمولیت کی دعوت دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے پاس وقت کم ہے، معیشت کی بہتری کے لیے کرپشن کیخلاف کڑا احتساب کرنا ہوگا، گورننس ناکام ہوجائے تو صورتحال کوئی بھی رخ اختیار کرسکتی ہے، سیاسی اور معاشی عدم استحکام خطرناک حد کو چھو رہا ہے۔

چند روز قبل کراچی میں خانقاہ بخاریہ میں منعقدہ دعوتِ حلیم سے ٹیلیفون پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عشرت العباد نے دعوت حلیم کا انتظام کرنے پر میزبان ابا جی سرکار کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ عوامی مطالبہ رہا ہے کہ میں پاکستان کی سیاست میں اپنا کردار ادا کروں، آج ملک کے مسائل بڑھتے چلے جا رہے ہیں، غریب عوام فاقہ کشی اور غربت سے مجبور ہوکر خودکشی کر رہے ہیں۔

سابق گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ان حالات میں مزید چپ رہنا ممکن نہیں، اس لیے مجبور ہو کے سیاست میں فعال ہونے کا فیصلہ کیا ہے، حکومت، عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہو چکی ہے۔

ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا کہ عوام اس حد تک مایوس ہوچکے ہیں کہ وہ کہہ رہے ہیں کہ اب پاکستان کا کچھ نہیں ہو سکتا، پاکستان کے دشمن اس صورتحال سے فائدہ اُٹھا سکتے ہیں، پاکستان کو بچانے کے لیے لازمی ہے کہ سیاسی و نظریاتی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر فوج کا احترام کیا جائے تاکہ ملک دشمنوں کے عزائم کو ناکام بنایا جاسکے۔

واضح رہے کہ مئی میں ڈان نیوز کے پروگرام ’خبر سے خبر وِد نادیہ مرزا‘ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا کہ میں جلد پاکستان آکر سیاست کروں گا، سیاست میں دوبارہ انٹری ہو چکی ہے لیکن کس پارٹی کا انتخاب کروں گا، یہ معاملہ ابھی دیکھ رہا ہوں۔

ایم کیو ایم میں ممکنہ واپسی سے متعلق سوال پر سابق گورنر سندھ نے شعر سناتے ہوئے کہا کہ ’یار بھی راہ کی دیوار سمجھتے ہیں مجھے، میں سمجھتا تھا میرے یار سمجھتے ہیں مجھے، نیک لوگوں میں مجھے نیک گنا جاتا ہے اور گنہگار، گنہگار سمجھتے ہیں مجھے۔

کارٹون

کارٹون : 18 نومبر 2024
کارٹون : 17 نومبر 2024