بھارت میں لینڈ سلائیڈنگ: 93 افراد ہلاک، متعدد زخمی
جنوبی بھارت میں صبح سویرے ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں کم از کم 93 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں جب کہ کم از کم 250 افراد کو کیچڑ، گارا اور ملبے سے ریسکیو کیا گیا۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق کیرالہ کی ریاستی وزیر صحت وینا جارج نے نیوز ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو بتایا کہ ہمیں مختلف ہسپتالوں میں 24 لاشیں موصول ہوئی ہیں اور کئی زخمیوں کو بھی ہسپتال لایا گیا ہے ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ علاقے میں ریسکیو آپریشنز جاری ہیں۔
بعد ازاں کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پنارائی وجین نے صحافیوں کو بتایا ’اب تک 93 لاشیں نکالی جا چکی ہیں، یہ ہماری ریاست کی تاریخ کی بدترین قدرتی آفات میں سے ایک ہے۔
انہوں نے کہا کہ مزید 128 افراد کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ انہوں نے کیرالہ حکومت کو صورت حال سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن مدد کا یقین دلایا ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایک پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ میری دعا زخمیوں اور ان تمام لوگوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا۔
ریاست کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی نے کہا کہ منگل کو کیرالہ میں مزید بارش اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
بھارتی اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی، جنہوں نے حال ہی میں پارلیمنٹ میں وایناڈ کی نمائندگی کی تھی نے کہا کہ وہ سخت غمزدہ ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مجھے امید ہے کہ پھنسے ہوئے لوگوں کو جلد ریسکیو کر لیا جائے گا۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق منگل کو وایناڈ ضلع کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہوئی، امدادی کارروائیاں جاری ہیں لیکن شدید بارشوں اور ایک اہم پل کے گرنے کی وجہ سے عملے کو شدید مشکلات کا سامان کرنا پڑ رہا ہے۔
ریاستی وزیر اے کے سسیندرن نے بی بی سی کو بتایا کہ ہم چند گھنٹوں کے بعد ہی نقصان کی حد کا اندازہ لگا سکیں گے۔
اے کے سسیندرن نے کہا کہ مقامی ہسپتال میں کم از کم 66 زخمی زیر علاج ہیں، لینڈ سلائیڈنگ میں لاپتا ہونے والوں میں ہسپتال کا عملہ بھی شامل ہے۔
اے کے سسیندرن نے یہ بھی کہا کہ فوج اور فضائیہ سے کہا گیا ہے کہ وہ پھنسے ہوئے خاندانوں کو ہوائی جہاز سے نکالیں اور ایک عارضی پل بھی تعمیر کریں۔
موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کے پیش نظر وائناڈ ضلع اور آس پاس کے علاقوں میں الرٹ جاری کردیا گیا ہے، ریاست کے 14 میں سے 10 اضلاع میں اسکول اور کالج بھی بند کردیے گئے ہیں۔
ضلع کے کئی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے، جن میں منڈکئی، اٹامالا، چورلمالا اور کنہوم شامل ہیں۔