• KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am
  • KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am

جماعت اسلامی کا دھرنا: پولیس نے خواتین کو راولپنڈی جانے سے روک دیا، بسیں ضبط

شائع July 29, 2024
فوٹو: ڈان نیوز
فوٹو: ڈان نیوز

جماعت اسلامی کے ترجمان نے کہا ہے کہ پولیس نے جماعت کی خواتین کو راولپنڈی جانے سے روک دیا جس کے باعث خواتین نے ملتان روڈ پر ہی دھرنا دے دیا۔

ڈان نیوز کے مطابق ترجمان جماعت اسلامی نے بتایا کہ پولیس نے خواتین کوزبردستی اتارکر بسیں تھانہ چوہنگ میں بند کر دیں۔

بعد ازاں خواتین نے ملتان روڈ پر دھرنا دیتے ہوئے کہا کہ احتجاج ہمارا جمہوری حق ہے۔

امیر جماعت اسلامی حلقہ غربی لاہور عبد العزیز عابد کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب نے خواتین کے ساتھ بدسلوکی کی ، پنجاب پولیس اسٹیٹ بن چکی ہے۔

جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ نے خواتین کارکنان سے بدسلوکی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس ریاست بن چکی ہے، حکومت ہوش کے ناخن لے، احتجاج ہمارا آئینی و جمہوری حق ہے، پولیس ہماری بسیں واپس کرے، حکومت پنجاب خواتین کے لیے راولپنڈی دھرنے میں شرکت کے لیے رکاوٹیں کھڑی نہ کرے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا تھا کہ حکومت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، راولپنڈی میں دھرنا مطالبات کی منظوری اور ان پر عملدرآمد تک جاری رہے گا اور مطالبات نہ مانے تو دھرنوں کا دائرہ کار پورے ملک میں پھیلا دیں گے۔

28 جولائی کو حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کے بعد حکومت نے جماعت اسلامی کے تمام کارکنوں کو رہا کرنے کا اعلان کرتے ہوئے معاملات کو حتمی طور پر طے کرنے کے لیے ٹیکنیکل کمیٹی تشکیل دے دی تھی۔

11 جولائی کو جماعت اسلامی پاکستان نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 26 تاریخ کو دھرنا دینے کا اعلان کیا تھا۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ عوام کو ریلیف نہیں مل رہا ہے، حکمرانوں کے تمام دعوے دھرے کے دھرے رہ گئےہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی پی پی کی مد میں 42 ارب ڈالر پاکستان کے عوام نے دیے ہیں، یہ پیسے ہم سے بجلی کے بلوں اور ٹیکس کی مد میں وصول کیے جاتے ہیں، انہوں نے سوال اٹھایا کہ صدر مملکت آصف زرداری بتائیں انہوں نے کتنا ٹیکس دیاہے؟

یاد رہے کہ اس سے قبل یکم جولائی کو جماعت اسلامی نے بجلی و پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے خلاف 12 جولائی کو اسلام آباد میں دھرنا دینے کا اعلان کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024