لاہور ہائیکورٹ نے بشریٰ بی بی کی مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کی درخواست نمٹا دی
لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی اپنے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کے لیے دائر درخواست نمٹا دی۔
ڈان نیوز کے مطابق جسٹس طارق سلیم شیخ نے بشریٰ بی بی کی درخواست پر سماعت کی۔
لاہور ہائی کورٹ نے رپورٹس کی روشنی میں درخواست نمٹائی ہے، حکومت کی جانب سے رپورٹس عدالت میں پیش کی گئی۔
سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی کے خلاف اینٹی کرپشن میں ایک اور پنجاب پولیس میں 12 ایف آئی آرز کا اندراج ہے، سائبر کرائم یونٹ میں بشریٰ بی بی کے خلاف کوئی کیس نہیں۔
24 جولائی کو لاہور ہائی کورٹ نے سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی ان کے خلاف مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے اور خفیہ مقدمات میں گرفتاری روکنے کی درخواست پر پنجاب حکومت اوردیگر کو نوٹس جاری کر دیے۔
یاد رہے کہ 23 جولائی کو لاہور ہائی کورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ اور سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی مقدمے کی تفصیلات فراہم کرنے اور پنجاب کے کسی خفیہ مقدمے میں گرفتاری رکوانے کی درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم کر تے ہوئے اپیل کو سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی تھی۔
22 جولائی کو سابق خاتون اول بشریٰ بی بی نے اپنے خلاف درج مقدمات اور انکوائریز کی تفصیلات کے لیے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا تھا۔