• KHI: Fajr 5:03am Sunrise 6:19am
  • LHR: Fajr 4:26am Sunrise 5:48am
  • ISB: Fajr 4:29am Sunrise 5:53am
  • KHI: Fajr 5:03am Sunrise 6:19am
  • LHR: Fajr 4:26am Sunrise 5:48am
  • ISB: Fajr 4:29am Sunrise 5:53am

دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں فوج کی مدد کی جائے گی، ایپکس کمیٹی کا اعلامیہ

شائع July 25, 2024
فائل فوٹو: اے پی پی
فائل فوٹو: اے پی پی

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت ہونے والے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں کہا گیا ہے کہ سرحدی علاقوں کے قریب دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں فوج کی مدد کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں جاری دہشت گردی کے خلاف مہم اور خصوصاً بنوں واقعے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں بنوں سے صوبائی وزیر پختون یار خان، صوبائی امیر جماعت اسلامی پروفیسر محمد ابراہیم خان شامل ہیں، اے این پی کے باز محمد خان، ایم پی اے ملک عدنان وزیر، چمبر آف کامرس بنوں کے نائب صدر ناصر بنگش کے ساتھ ساتھ بنوں جرگے کے 5 رکنی وفد نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں کورکمانڈر پشاور، ایلیونتھ کور سے پاک آرمی کے آفیشلز، چیف سیکریٹری اور بنوں جرگے کے 5 ممبران نے بھی شرکت کی۔

بنوں جرگہ کے وفد نے 16 مطالبات رکھتے ہوئے موقف اپنایا کہ اچھے اور برے طالبان کا فرق ختم کیا جائے اور رات کو پولیس کا گشت شروع کیا جائے۔

اجلاس کے دوران خیبرپختونخوا کی ایپکس کمیٹی نے بنوں واقعے سے متعلق جرگے کے تمام مطالبات تسلیم کرلیے اور وزیراعلیٰ نے جرگے کے ممبران کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروا دی۔

اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا کہ عسکری اداروں نے واضح کیا ہے کہ کوئی فوجی آپریشن نہیں ہورہا۔

اس سلسلے میں کہا گیا کہ دہشت گردوں کے خلاف ہر صورت کارروائی ہوگی اور سرحدی علاقوں کے قریب دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں فوج کی مدد کی جائے گی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ پولیس مسلح گروہوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کرے گی جبکہ دہشت گرد عناصر کے خلاف پولیس اور سی ٹی ڈی کارروائی کرے گی۔

بیان میں کہا گیا کہ مشکوک علاقوں اور مدارس کے خلاف سی ٹی ڈی کارروائی کرے گی۔

واضح رہے کہ 19 جولائی کو بنوں میں احتجاجی مارچ کے دوران فائرنگ اور بھگدڑ سے ایک شخص جاں بحق اور 23 زخمی ہوگئے تھے۔

واقعہ اس وقت پیش آیا تھا جب ضلع بنوں میں بے امنی کے خلاف احتجاج کے لیے لوگ اسپورٹس کمپلیکس کے مقام پر جمع ہو رہے تھے، زیادہ تر لوگ بھگدڑ سے زخمی ہوئے جبکہ بعض افراد کو گولیاں لگیں۔

کارٹون

کارٹون : 16 ستمبر 2024
کارٹون : 15 ستمبر 2024