میرا اصل نام ریشم نہیں، ادکارہ کا کئی دہائیوں بعد انکشاف
ماضی کی مقبول فلمی ہیروئن ریشم نے کئی دہائیوں بعد انکشاف کیا ہے کہ ان کا اصل نام ریشم نہیں ہے، انہوں نے شوبز میں آنے کے بعد اپنا نام تبدیل کیا۔
ریشم نے حال ہی میں مزاحیہ شو مذاق رات میں شرکت کی، جہاں انہوں نے شوبز سمیت دیگر معاملات پر کھل کر بات کی۔
پروگرام کے دوران انہوں نے شادی سے متعلق کھل کر بات نہ کی اور یہ بتانے سے گریز کیا کہ وہ کب تک شادی کریں گی اور تاحال ان کی شادی کیوں نہ ہو سکی؟
ریشم نے محبت کے معاملے پر بھی اگرچہ گفتگو کی، تاہم انہوں نے مذکورہ معاملے پر بھی احتیاط سے کام لیا اور کھل کر بات نہیں کی۔
انہوں نے بتایا کہ اگرچہ انہیں کئی افراد سے محبت ہوئی اور ان کا دل کئی افراد کے پیار کی وجہ سے زخمی بھی ہوا، تاہم انہوں نے یہ واضح طور پر نہیں بتایا کہ ان سے کسی کو محبت ہوئی یا نہیں؟
ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے بتایا کہ ان کا اصل تعلق پنجاب کے شہر فیصل آباد سے ہے، تاہم شوبز کیریئر شروع ہونے سے قبل ان کا خاندان لاہور منتقل ہوچکا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) سے ڈراموں میں مختصر کردار ادا کرنے سے کیریئر کا آغاز کیا اور بعد ازاں انہیں ڈرامے میں مرکزی کردار کے لیے کاسٹ کیا گیا، جس کے بعد ہی ان کا کیریئر شروع ہوا۔
اداکارہ نے انکشاف کیا کہ ان کا اصل نام صائمہ ہے اور پہلے سے ہی اس نام سے شوبز میں اداکارہ ہونے کی وجہ سے انہیں اپنا نام بدلنا پڑا۔
انہوں نے بتایا کہ جب ان کا پہلا ڈراما پی ٹی وی پر نشر ہوا تو اس سے قبل ہی ان کی بڑی بہن نے ان کا نام تبدیل کیا اور بڑے غور و فکر کے بعد انہیں ریشم نام دیا اور پہلےہی ڈرامے میں ان کا نام ریشم لکھا گیا۔