• KHI: Fajr 4:58am Sunrise 6:16am
  • LHR: Fajr 4:20am Sunrise 5:43am
  • ISB: Fajr 4:22am Sunrise 5:47am
  • KHI: Fajr 4:58am Sunrise 6:16am
  • LHR: Fajr 4:20am Sunrise 5:43am
  • ISB: Fajr 4:22am Sunrise 5:47am

نیا توشہ خانہ ریفرنس: جسٹس عامر فاروق نے خود کو مقدمے سے الگ کرنے کی استدعا مسترد کردی

شائع July 25, 2024
— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے نئے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی گرفتاری کے خلاف درخواست پر خود کو کیس سے الگ کرنے کی استدعا مسترد کردی۔

ڈان نیوز کے مطابق چیف جسٹس عامرفاروق نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف نئے توشہ خانہ کیس میں گرفتاری سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔

سماعت کے آغاز پر عمران خان کے معاون وکیل انتظار پنجھوتہ نے چیف جسٹس عامر فاروق پر اعتراض کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ آپ کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کردیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری استدعا ہے کہ آپ عمران خان کا کیس نہ سنیں۔

اس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے پوچھا کہ آپ کہہ رہے ہیں میں مقدمے سے الگ ہوجاؤں؟ وکیل نے کہا کہ جی ہم چاہتے ہیں کہ آپ سماعت سے دستبرداری اختیار کرلیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے یہ کوئی وجہ نہیں، جسٹس عامر فاروق نے درخواست مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیے اس طرح نیا ٹرینڈ شروع ہوجائےگا، ایسے نہیں ہوتا، پورا طریقہ کارموجود ہے، اس حوالے سے جسٹس بابرستارکا فیصلہ موجود ہے۔

بعد ازاں عدالت نے سلمان صفدر کو میرٹ پر دلائل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔

یاد رہے کہ 18 جولائی کو سابق وزیر اعظم و بانی تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے توشہ خانہ نئے کیس میں گرفتاری کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا تھا۔

درخواست میں بتایا گیا کہ سیاسی مخالفین نیب کو مسلسل سیاسی انتقام کے لیے استعمال کر رہے ہیں، اعلیٰ عدالتیں اپنے فیصلوں میں زور دے چکی ہیں کہ محض مقدمہ درج ہونے پر گرفتار نہیں کیا جا سکتا۔

سابق وزیر اعظم و سابق خاتون اول نے استدعا کی کہ آئندہ کسی بھی مقدمے میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی گرفتاری اسلام آباد ہائی کورٹ کی اجازت سے مشروط کی جائے، اور عمران خان اور بشریٰ بی بی کی گرفتاری غیر قانونی قرار دے کر انہیں رہا کیا جائے۔

واضح رہے کہ 13 جولائی کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے توشہ خانہ کے نئے ریفرنس میں بانی تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی گرفتاری ڈال دی تھی۔

ڈپٹی ڈائریکٹر نیب محسن ہارون کی سربراہی میں نیب ٹیم نے اڈیالہ جیل میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو گرفتار کرلیا تھا۔

نیب کی انکوائری رپورٹ کے مطابق نیا کیس 7 گھڑیوں سمیت 10 قیمتی تحائف خلاف قانون پاس رکھنے اور بیچنے سے متعلق ہے۔

کارٹون

کارٹون : 7 ستمبر 2024
کارٹون : 6 ستمبر 2024