حکومت سندھ کا صارم برنی ویلفیئر ٹرسٹ کے معاملات کا کنٹرول سنبھالنے کا فیصلہ
حکومت سندھ نے صارم برنی ویلفیئر ٹرسٹ کے معاملات کا کنٹرول سنبھالنے کا فیصلہ کرلیا۔
ڈان نیوز کے مطابق حکومت سندھ نے کنٹرول لینے کا فیصلہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی درخواست پر کیا۔
حکومت نے محکمہ سوشل ویلفیئر سندھ کو کنٹرول لینے کی ہدایت جاری کردیں، ایف آئی اے نے سندھ حکومت کو صارم برنی ٹرسٹ کا کنٹرول لینے لیے خط لکھا تھا۔
یاد رہے کہ 5 جون کو معروف سماجی رہنما صارم برنی کو فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے امریکا سے واپسی پر کراچی ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا تھا۔
ایف آئی اے ذرائع نے بتایا کہ صارم برنی پر انتہائی سنگین نوعیت کے الزامات ہیں، کافی عرصے سے صارم برنی کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جا رہی تھی۔
8 جون کو کراچی کی سیشن کورٹ نے بچوں کی اسمگلنگ کیس میں وفاقی تحقیقات ادارے (ایف آئی اے) کی جانب سے سماجی کارکن صارم برنی کی جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔