پی ٹی آئی پر پابندی، پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس طلب
پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس آئندہ ماہ کراچی میں طلب کرلیا گیا ہے جس میں تحریک انصاف پر پابندی کے حوالے سے غور کیا جائے گا۔
ڈان نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس اگست کے دوسرے یا تیسرے ہفتے میں ہوگا جس میں وفاقی حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی پر پابندی پر پیپلز پارٹی اپنا حتمی موقف پیش کرے گی۔
اجلاس میں مخصوص نشستوں کے معاملے پر نظرثانی درخواست جمع کروائے جانے پر فاروق ایچ نائیک بریفنگ دیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے قبل بلاول بھٹو صدر مملکت آصف زرداری سے حتمی مشاورت بھی کریں گے۔
واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کا عندیا دیے جانے کے بعد سے پیپلز پارٹی نے ابھی تک اس معاملے پر باضابطہ طور پر پالیسی بیان جاری نہیں کیا۔