• KHI: Asr 4:59pm Maghrib 6:44pm
  • LHR: Asr 4:32pm Maghrib 6:19pm
  • ISB: Asr 4:38pm Maghrib 6:25pm
  • KHI: Asr 4:59pm Maghrib 6:44pm
  • LHR: Asr 4:32pm Maghrib 6:19pm
  • ISB: Asr 4:38pm Maghrib 6:25pm

بیرون ملک پناہ لینے والے پاکستانیوں کیلئے پاسپورٹ کا اجرا معطل کرنے کا سرکلر فوری واپس لینے کا فیصلہ

شائع July 22, 2024
— فائل فوٹو: ایکس
— فائل فوٹو: ایکس

بیرون ملک پناہ لینے والے پاکستانیوں کے لیے پاسپورٹ کا اجرا معطل کرنے والے 5 جون 2024 کے سرکلر کو فوری طور پر واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحٰق ڈار کی زیر صدارت آج ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکریٹری خارجہ، سیکریٹری داخلہ، ڈی جی امپاس اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام شریک ہوئے۔

اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود سے متعلق متعدد اہم امور پر غور کیا گیا۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کو سیکریٹری داخلہ اور ڈی جی امپاس کی طرف سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بروقت پاسپورٹ کے اجرا کی سہولت کے بارے میں ایک وسیع بریفنگ دی گئی۔

نائب وزیر اعظم کو یقین دلایا گیا کہ سمندر پار پاکستانیوں کے پاسپورٹ کا اجرا 60 دن کے اندر کر دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 25 جون کو بیرون ملک پناہ لینے والوں کو پاسپورٹ کے اجرا پر پابندی کا نوٹی فکیشن سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا تھا۔

درخواست ایڈووکیٹ صائم چوہدری کی جانب سے 184(3) کے تحت دائر کی گئی، جس میں وفاقی حکومت، ڈی جی پاسپورٹ کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ حکومت کی 5 جون کی پالیسی کو کالعدم قرار دیا جائے، درخواست میں فریقین کو فوری حکومت کی پالیسی پر عملدرآمد روکنے کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ حکومت نے بیرون ملک پناہ لینے والوں کو پاسپورٹ جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، نوٹی فکیشن میں پابندی کی وجوہات نہیں بتائی گئیں۔

مزید کہا گیا تھا کہ حکومت کی جانب سے پابندی کا جاری کیا گیا نوٹی فکیشن تفریقی اور بنیادی حقوق کے بر خلاف ہے۔

درخواست میں مزید مؤقف اپنایا گیا تھا کہ حکومتی نوٹی فکیشن آئین کے آرٹیکل 10 ،10اے اور 25 کے بر خلاف ہے۔

یاد رہے کہ جون کو وفاقی وزارت داخلہ نے بیرون ملک پناہ لینے والے پاکستانیوں کو پاسپورٹ جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، وزیر داخلہ کی جانب سے یہ بڑا فیصلہ ملکی سلامتی اور سیکیورٹی کے تناظر میں کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنی وزارت کو اس سلسلے میں اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کردی تھیں۔

رپورٹ کے مطابق محسن نقوی کی ہدایت پر وفاقی وزارت داخلہ نے اس حوالے سے مراسلہ وزارت خارجہ اور دیگر متعلقہ حکام کو ارسال کر دیا ہے۔

وزارت کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا تھا کہ ایسے تمام پاکستانی جو کسی بھی بنیاد پر دوسرے ممالک میں پناہ لیں گے، ان کو پاسپورٹ نہیں ملے گا۔

ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ ایسے پاکستانیوں کے پاسپورٹ منسوخ کردیے جائیں گے اور ان کی دوبارہ تجدید بھی نہیں کی جائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 7 ستمبر 2024
کارٹون : 6 ستمبر 2024