• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

بانی پی ٹی آئی کی 12 مقدمات میں جسمانی ریمانڈ کےخلاف درخواستیں سماعت کیلئے مقرر

شائع July 20, 2024
درخواستوں میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ لاہور اے ٹی سی نے جسمانی ریمانڈ دیتے وقت ریکارڈ کا درست جائزہ نہیں لیا — فائل فوٹو: اسکرین گریب
درخواستوں میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ لاہور اے ٹی سی نے جسمانی ریمانڈ دیتے وقت ریکارڈ کا درست جائزہ نہیں لیا — فائل فوٹو: اسکرین گریب

بانی تحریک انصاف عمران خان کی 12 مقدمات میں جسمانی ریمانڈ دینے کے انسداد دہشت گردی عدالت کے فیصلے کے خلاف درخواستیں لاہور ہائی کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر کردی گئیں۔

ڈان نیوز کے مطابق جسٹس طارق سلیم شیخ اور جسٹس انوار الحق پنوں پر مشتمل ہائی کورٹ کا 2 رکنی بینچ 22 جولائی کو درخواستوں پر سماعت کرے گا۔

بانی پی ٹی آئی نے بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے لاہور ہائی کورٹ میں بارہ درخواستیں دائر کی تھیں جنہیں اعلیٰ عدلیہ کے رجسٹرار آفس نے سماعت کے لیے مقرر کیا ہے۔

درخواستوں میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ لاہور اے ٹی سی نے جسمانی ریمانڈ دیتے وقت ریکارڈ کا درست جائزہ نہیں لیا، جیل میں قید ہوں اور پولیس پہلے بھی تفتیش کر چکی ہے۔

درخواستوں میں مزید کہا گیا ہے کہ جسمانی ریمانڈ دیتے وقت قانون کو بھی مدنظر نہیں رکھا گیا، لہٰذا لاہور ہائی کورٹ سے استدعا ہے کہ وہ اے ٹی سی کی جانب سے بارہ مقدمات میں دیا گیا جسمانی ریمانڈ کالعدم قرار دے۔

یاد رہے کہ 5 جولائی کو لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پولیس کی بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 9 مئی کے بارہ مقدمات میں جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر 10 روزہ ریمانڈ دے دیا تھا۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج خالد ارشد نے درخواست پر سماعت کی تھی۔

اس سے ایک روز قبل لاہور پولیس نے اڈیالا جیل جاکر 9 مئی کے 12 مقدمات میں سابق وزیر اعظم کی گرفتاری ڈالی تھی، جس کے بعد 5 جولائی کو عمران خان کو ویڈیو لنک کے ذریعے انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024