• KHI: Maghrib 5:53pm Isha 7:15pm
  • LHR: Maghrib 5:09pm Isha 6:36pm
  • ISB: Maghrib 5:09pm Isha 6:38pm
  • KHI: Maghrib 5:53pm Isha 7:15pm
  • LHR: Maghrib 5:09pm Isha 6:36pm
  • ISB: Maghrib 5:09pm Isha 6:38pm

شوہر نے شادی کے تیسرے ہفتے مارنا شروع کیا، حمل سے تھی تو برہنہ کرکے پھینک دیا، جگن کاظم

شائع July 20, 2024
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

معروف اداکارہ و ٹی وی میزبان جگن کاظم نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں پہلے شوہر نے شادی کے محض تین ہفتوں بعد مارنا شروع کیا اور وہ ڈیرھ برس تک تشدد برداشت کرتی رہیں، یہاں تک کہ شوہر نے انہیں حمل کی حالت میں برہنہ کرکے باہر پھینک دیا تھا۔

جگن کاظم حال ہی میں ایف ایچ ایم پوڈکاسٹ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے اپنی پہلی شادی سے متعلق پہلی بار کھل کر بات کی۔

انہوں نے بتایا کہ انہیں پہلے شوہر سے ایک بیٹا حمزہ ہے جو اس وقت 18 برس کے ہو چکے ہیں۔

جگن کاظم نے اعتراف کیا کہ پہلی شادی کرتے وقت ان سے ہی غلطی ہوئی جب کہ تشدد برداشت کرنے میں بھی ان کی ہی غلطی تھی۔

انہوں نے خود کو کم عقل اور گدھی قرار دیتے ہوئے بتایا کہ ان کے پہلے شوہر دیکھنے میں بہت اچھے تھے، اس لیے انہوں نے ان سے شادی کرنے میں بھی جلدی کی۔

اداکارہ نے بتایا کہ ایک اتوار کو وہ اور ان کے شوہر ملے، دوسرے اتوار کو ان کا رشتہ طے ہوا اور تیسرے اتوار سے قبل ان کی شادی ہوگئی اور بعد میں شادی کے تیسرے ہفتے ان کے شوہر نے انہیں مارنا شروع کردیا۔

اداکارہ نے اعتراف کیا کہ جب انہیں پہلی بار شوہر کی مار پڑی تب وہ حمل سے نہیں تھیں اور انہیں رشتے سے نکل جانا چاہیے تھا لیکن وہ بے وقوف تھیں جو ایسا نہ کرسکیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ انہوں نے ڈیڑھ سال تک پہلے شوہر کا جسمانی تشدد برداشت کیا اور ان کے شوہر نے انہیں مار مار کر ان کا برا حال کردیا تھا۔

جگن کاظم نے انکشاف کیا کہ جب وہ حمل کے ساتویں مہینے میں تھیں تب بھی شوہر نے ان پر تشدد کیا اور ان کے کپڑے پھاڑ کر انہیں ننگا کرکے اپارٹمنٹ کے باہر پھینک دیا۔

ٹی وی میزبان نے بتایا کہ ان کے شوہر نے صرف معمولی کپڑے نہیں پھاڑے تھے بلکہ انہیں ہر جگہ سے ننگا کردیا تھا اور ان کا پیٹ باہر نکلا ہوا تھا۔

اداکارہ کے مطابق شوہر کی جانب سے اپارٹمنٹ کے باہر پھینکے جانے پر پڑوسیوں نے ان کے اوپر چادر ڈالی تھی۔

اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ جب کچھ عرصہ قبل نور مقدم کو قتل کیا گیا، تب انہوں نے سوچا کہ ممکن ہے کہ ان کے پہلے شوہر انہیں نور مقدم کی طرح قتل کرکے ان کے ٹکڑے ٹکڑے کردیتے۔

انہوں نے کھل کر بات کی کہ انہیں مرنے سے نہیں بلکہ ذلالت کی موت سے ڈر لگتا ہے، وہ اب سوچتی ہیں کہ اگر وہ پہلی شادی سے نہ نکلتیں تو شاید شوہر انہیں قتل کرکے ان کی ننگی لاش کو سڑک پر پھینک دیتے یا ان کے ٹکڑے ٹکڑے کردیتے۔

جگن کاظم نے خواتین کو مشورہ دیا کہ جب ان کا شوہر پہلی بار انہیں گالی دے تب ہی وہ محتاط ہوجائیں اور یہ جان لیں کہ جب ان کے شوہر کا ایک بار ہاتھ اٹھا تو ان کا ہاتھ بار بار اٹھتا رہے گا۔

جگن کاطم نے واضح طور پر یہ نہیں بتایا کہ انہوں نے شوہر سے طلاق کیسے لی؟ تاہم بتایا کہ اب وہ پہلی شادی سے متعلق ہر چیز بھلا چکی ہیں، ان کا بیٹا 18 سال کا ہو چکا ہے اور وہ کئی سال قبل نئی زندگی شروع کر چکی ہیں۔

خیال رہے کہ جگن کاظم کی دوسری شادی سال 2013 میں فیصل ایچ نقوی کے ساتھ ہوئی، جن سے ان کا ایک بیٹا اور بیٹی ہیں، اداکارہ کے مجموعی طور پر دو شادیوں سے تین بچے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 30 دسمبر 2024
کارٹون : 29 دسمبر 2024