• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 4:59pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 4:59pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm

پاک ۔ چین تعلقات باہمی اعتماد اور ایک دوسرے کی حمایت کے غیر متزلزل یقین پر مبنی ہیں، آرمی چیف

شائع July 18, 2024
چین کے سفیر نے پی ایل اے کے قیام کی سالگرہ کی تقریب کی میزبانی کرنے پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا — فوٹو: آئی ایس پی آر
چین کے سفیر نے پی ایل اے کے قیام کی سالگرہ کی تقریب کی میزبانی کرنے پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا — فوٹو: آئی ایس پی آر

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک ۔ چین تعلقات باہمی اعتماد اور ایک دوسرے کی حمایت کے غیر متزلزل یقین پر مبنی ہیں۔

جی ایچ کیو راولپنڈی میں چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے قیام کی 97ویں سالگرہ کی تقریب ہوئی جس کی میزبانی آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کی۔

تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ تھے، جبکہ چین کے دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ یانگ، چینی سفارتخانے کے حکام اور تینوں مسلح افواج کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ تھے — فوٹو: آئی ایس پی آر
تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ تھے — فوٹو: آئی ایس پی آر

اپنے خطاب میں آرمی چیف نے چینی مہمانوں کو پی ایل اے کی سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پیپلز لبریشن آرمی نے چین کے دفاع، سلامتی اور ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج اور پیپلز لبریشن آرمی کے تعلقات بے حد مضبوط ہیں، جبکہ دونوں ملکوں کی مسلح افواج کے درمیان فوجی تعاون آہنی بھائی چارے کی واضح مثال ہے۔

چین کے سفیر نے پیپلز لبریشن آرمی کے قیام کی سالگرہ کی تقریب کی میزبانی کرنے پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ انسداد دہشت گردی کے حوالے سے آگے بڑھ کر کردار ادا کیا ہے اور خطے میں قیام امن اور استحکام کے حوالے سے عظیم قربانیاں دی ہیں۔

چین کے سفیر نے مزید کہا کہ ان کا ملک دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، پختہ یقین رکھتے ہیں کہ دنیا کی کوئی طاقت پاکستان اور چین اور دونوں ملکوں کی مسلح افواج کے درمیان آہنی دوستی کو ختم نہیں کر سکتی۔

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024