• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

سپریم کورٹ کا مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلہ: الیکشن کمیشن کا اجلاس بےنتیجہ ختم

شائع July 18, 2024
— فائل/فوٹو: ریڈیو پاکستان
— فائل/فوٹو: ریڈیو پاکستان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو مخصوص نشستیں دینے سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کے لیے الیکشن کمیشن کا اجلاس بےنتیجہ ختم ہوگیا۔

ڈان نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ آج اجلاس میں سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں اُس پر عملدرآمد کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا اور سیکریٹری الیکشن کمیشن اور قانونی ونگز کے حکام نے الیکشن کمیشن کو بریفنگ دی، تاہم آج کوئی فیصلہ نہیں کیا جاسکا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے معاملے پر مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں کل پھر اجلاس ہوگا۔

قبل ازیں ذرائع نے بتایا تھا کہ اجلاس میں الیکشن کمیشن کے اراکین، سیکریٹری اور متعلقہ ونگز کے حکام شریک ہیں جبکہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں موجود ہیں۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کے اجلاس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد سے متعلق غور کیا جارہا ہے، حکام الیکشن کمیشن کو فیصلے سے متعلق بریفنگ دے رہے ہیں۔

یاد رہے کہ 12 جولائی کو سپریم کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کے کیس میں پشاور ہائی کورٹ اور الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کو مخصوص نشستوں کا حقدار قرار دے دیا تھا۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسٰی کی سربراہی میں 13 رکنی فل بینچ نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو غیر آئینی قرار دیا تھا۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جمال خان مندوخیل کے اختلافی نوٹ کے مطابق جن امیدواروں نے کاغذات نامزدگی واپس لینے والے دن تک کوئی اور ڈیکلیریشن جمع نہیں کرایا کہ وہ پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا حصہ ہیں، لہٰذا الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کو دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ شامل کر کے مخصوص نشستوں کی تقسیم کرے، الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کیس فیصلے کی غلط تشریح کی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024