پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ: پاکستان ریلویز نے مسافر ٹرینوں کے کرائے بڑھادیے
پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کے سبب پاکستان ریلویز نے مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں ایک مرتبہ پھر اضافہ کر دیا۔
ڈان نیوز کے مطابق محکمہ ریلوے نے کرایوں میں اضافے سے متعلق نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا، اس میں کہا گیا ہے کہ تمام مسافر ٹرینوں کی اکانومی، اے سی اسٹینڈرڈ، اے سی بزنس، اے سی پارلر، اے سی سلیپر کلاسز کے کرایوں میں ایک فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ میل، ایکسپریس اور انٹرسٹی مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ کیا گیا جبکہ کرایوں میں اضافے کا اطلاق پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چلنے والی تمام ٹرینوں پر بھی ہوگا۔
تمام ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ کو کرایوں کا ٹیبل اَپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ 29 اپریل کو پاکستان ریلویز نے عید الفطر کے 3 دن کے دوران کرایوں میں 25 فیصد رعایت کرنے کا اعلان کیا تھا۔