امریکی صدر جوبائیڈن کورونا میں مبتلا، انتخابی سرگرمیاں معطل کردیں

شائع July 18, 2024
—فائل فوٹو: اے پی
—فائل فوٹو: اے پی

امریکی صدر جوبائیڈن کورونا میں مبتلا ہوگئے، جس کے بعد انہوں نے تمام انتخابی سرگرمیاں معطل کردیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی‘ کی رپورٹ کے مطابق ترجمان وائٹ ہاؤس نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جوبائیڈن کو کورونا کی معمولی علامات ہیں، انہیں ویکسین لگادی گئی ہے۔

ان کی پریس سکریٹری کیرین جین نے کہا کہ امریکی صدر کو ویکسین لگائی گئی ہے، اس سے قبل بھی ان کا دو بار کورونا مثبت آ چکا ہے۔

81 سالہ جوبائیڈن بدھ کے روز لاس ویگاس میں حامیوں سے ملے تھے اور ایک تقریب سے خطاب کیا تھا، بعد ازاں انہوں نے انتخابی مہم کی تقریر منسوخ کر دی ہے۔

ان کا کورنا ایسے وقت میں مثبت آیا ہے، جب انہیں اپنی عمر کی وجہ سے پیچھے ہٹنے کے لیے بڑھتے ہوئے دباؤ کا سامنا ہے۔

محترمہ کیرین جین نے کہا کہ صدر نے ڈیلاویئر میں اپنے گھر میں قرنطینہ کرنے کا ارادہ کیا ہے، جبکہ وہ اس وقت کے دوران اپنے تمام فرائض پوری طرح سے انجام دیتے رہیں گے۔

صدر کے ڈاکٹر کیون او کونر نے بتایا کہ جوبائیڈن کو چند علامتیں ہیں، جن میں ناک بہنا اور کھانسی شامل ہے، انہیں دوائی کی پہلی خوراک دے دی گئی ہے۔

بعد ازاں، امریکی صدر جو بائیڈن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ’نیک خواہشات‘ کا اظہار کرنے والے افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ صحت یاب ہونے کے دوران ’امریکی عوام کے لیے کام کرتے رہیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر جو بائیڈن نے سیاہ فام ووٹروں سے وعدہ کیا تھا کہ وہ 5 نومبر کو دوبارہ منتخب ہونے کے لیے تیار ہیں، انہوں نے اپنے ریپبلکن حریف پر قاتلانہ حملے کے بعد اپنی پہلی سیاسی تقریر میں ڈونلڈ ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔

آصف زرداری، شہباز شریف کا نیک خواہشات کا اظہار

صدر مملکت آصف زرداری وار وزیراعظم محمد شہباز شریف نے امریکی صدر جوبائیڈن کی صحت سے متعلق نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

صدر مملکت آصف زرداری نے امریکی ہم منصب کی کورونا سے جلد صحت یابی کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ خواہش ہے کہ جوبائیڈن کورونا سے جلد اور مکمل صحتیاب ہوں۔

کارٹون

کارٹون : 7 جنوری 2025
کارٹون : 6 جنوری 2025