• KHI: Zuhr 12:41pm Asr 4:28pm
  • LHR: Zuhr 12:12pm Asr 3:43pm
  • ISB: Zuhr 12:17pm Asr 3:43pm
  • KHI: Zuhr 12:41pm Asr 4:28pm
  • LHR: Zuhr 12:12pm Asr 3:43pm
  • ISB: Zuhr 12:17pm Asr 3:43pm

بنوں چھاؤنی پر دہشتگردوں کے حملے میں 8 اہلکار شہید، جوابی کارروائی میں 10 حملہ آور ہلاک

شائع July 16, 2024
فوٹو: ڈان
فوٹو: ڈان

خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے 8 اہلکار شہید ہوگئے جبکہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں تمام 10 دہشت گرد مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 15 جولائی کو 10 دہشت گردوں نے بنوں چھاؤنی پر حملہ کیا، تاہم سیکیورٹی فورسز نے بنوں کنٹونمنٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنادیا، سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی سے قیمتی جانیں بچ گئیں۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی کینٹ میں داخلے ہونے کی کوشش ناکام بنا دی، اس دوران دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی بنوں چھاؤنی کی دیوار سے ٹکرا دی، دہشت گردوں کے خودکش حملے میں پاک فوج کے 8 اہلکار شہید ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والوں میں نائب صوبیدار محمد شہزاد، حوالدار ظل حسین، سپاہی ارسلان اسلم، ایف سی کے لانس نائیک سبز علی، سپاہی امتیاز خان، حوالدار شہزاد احمد، سپاہی اشفاق حسین خان، سپاہی سبحان مجید شامل ہیں۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی یہ گھناونی کارروائی حافظ گل بہادر گروپ نے کی ہے، حافظ بہادر گروپ افغانستان سے کام کرتا تھا، یہ گروپ ماضی میں بھی پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیوں کے لیے افغان سرزمین استعمال کرتا رہا ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان نے عبوری افغان حکومت کے ساتھ مسلسل اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے، افغان کی عبوری حکومت ایسے عناصر کے خلاف موثر کارروائی کرے۔

ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ افغانستان سے آنے والے ان خطرات کے خلاف مناسب سمجھے جانے والے تمام ضروری اقدامات کریں گے، جب کہ مسلح افواج دہشت گردی کی اس لعنت کے خلاف مادر وطن اور اس کی عوام کا دفاع کرتی رہیں گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ذرائع سے یہ خبر سامنے آئی تھی کہ صبح 4 بج کر 40 منٹ پر دہشت گردوں نے گاڑی بردار آئی ای ڈی دھماکے سے بنوں کینٹ کی باہر والی دیوار اور سپلائی ڈپو کے درمیان روڈ پر دھماکا کر کے کینٹ میں داخلے کی کوشش کی، سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے دہشت گردوں کی کوشش ناکام بنادی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 15 جنوری 2025
کارٹون : 14 جنوری 2025