سپریم کورٹ میں ایڈہاک ججز کی تقرری کیلئے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس طلب
سپریم کورٹ میں ایڈہاک ججز کی تقرری کے لیے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس طلب کرلیا گیا، اجلاس چیئرمین جوڈیشل کمیشن چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی جانب سے طلب کیا گیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس 19جولائی کو سپریم کورٹ میں ہوگا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ ایڈہاک ججز کے لیے سپریم کورٹ کے 4 ریٹائرڈ ججز کے نام تجویز کئے گئے ہیں اور جوڈیشل کمیشن اجلاس میں ایڈہاک ججز کے ناموں پر غور ہوگا۔
چاروں ریٹائرڈ ججز کے نام چیئرمین جوڈیشل کمیشن چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے تجویز کیے ہیں۔
ایڈہاک ججز کے لیے جسٹس ریٹائرڈ مشیر عالم، جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر، جسٹس ریٹائرڈ مظہر عالم میاں خیل اور جسٹس ریٹائرڈ طارق مسعود کے نام تجویز کیے گئے ہیں۔