• KHI: Fajr 5:51am Sunrise 7:12am
  • LHR: Fajr 5:31am Sunrise 6:58am
  • ISB: Fajr 5:39am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:51am Sunrise 7:12am
  • LHR: Fajr 5:31am Sunrise 6:58am
  • ISB: Fajr 5:39am Sunrise 7:09am

7 ممالک کے سفیروں نے صدر مملکت آصف زرداری کو سفارتی اسناد پیش کردیں

شائع July 16, 2024
فوٹو: ڈان اخبار
فوٹو: ڈان اخبار

صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان سرمایہ کاری کے بہترین مواقع فراہم کرتا ہے اور انہوں نے بیرونی ممالک کو سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول سے فائدہ اٹھانے کی بھی دعوت دی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پیر کو صدر مملکت ایوان صدر میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے جہاں 7 ممالک کے سفیروں نے اپنی سفارتی اسناد پیش کیں۔

سفارتی اسناد پاکستان میں زمبابوے کے نامزد سفیر ٹیتوس مہلسوا جوناتھن ابو بوسوتو ، تاجکستان کے نامزد سفیر شریف زودہ یوسف تویر، روانڈا کی نامزد ہائی کمشنر ہریریمانا فاتو، ارجنٹائن کے نامزد سفیر سیبسٹین سیوس، میانمار کے نامزد سفیر وونا ہان، کمبوڈیا کے نامزد سفیر سوک چیا اور بوٹسوانا کے نامزد سفیر ڈاکٹر بٹلانگ کوما سیریما کی جانب سے پیش کی گئیں۔

سفیروں نے صدر سے الگ الگ ملاقاتیں بھی کیں۔

سفیروں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور بیرونی ممالک کو اس کے سرمایہ کاری دوست ماحول سے فائدہ اٹھانا چاہیے، انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان کی زراعت، لائیو سٹاک، انفارمیشن ٹیکنالوجی، توانائی اور کان کنی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام دوست ممالک کے ساتھ مختلف شعبوں بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری اور ثقافت میں تعاون کو وسعت دینا چاہتا ہے۔

آصف زرداری نے ریمارکس دئے کہ پاکستان اقتصادی تعاون کو وسعت دینے اور دوست ممالک کے ساتھ تجارتی حجم کو اپنی پوری صلاحیت کے مطابق بڑھانے کو بہت اہمیت دیتا ہے، انہوں نے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے کاروباری برادریوں کے درمیان رابطے بڑھانے پر بھی زور دیا۔

صدر مملکت نے سفیروں کو پاکستان میں بطور سفیر تعینات ہونے پر مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ باہمی فائدہ مند تعاون کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے، قبل ازیں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے سفیروں کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2024
کارٹون : 19 دسمبر 2024