کوئٹہ: اختر آباد میں مغربی بائی پاس پر سڑک کنارے نصب بم دھماکا، ایف سی اہلکار شہید
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکے میں ایک اہلکار شہید ہوگیا۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق دھماکا مغربی بائی پاس پر واقع اختر آباد کے علاقے میں ہوا۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکار اور ریسکیو حکام جائے وقوع کی جانب روانہ ہوگئے۔
پولیس، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور ایف سی کی بھاری نفری موقع پر پہنچ کر شواہد اکھٹے کیے اور تفتیش کا آغاز کردیا، بعد ازاں کوئٹہ پولیس نے بتایا کہ دھماکے میں 4 کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا تھا۔
ایدھی انچارج کوئٹہ محمد ذیشان نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ کوئٹہ میں مغربی بائی پاس کے علاقے اختر آباد میں فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا ، سڑک کنارے نصب بم کا دھماکا اس وقت ہوا جب ایف سی کی گاڑی معمول کے مطابق گشت کررہی تھی کہ دھماکا ہوا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دھماکے کہ زد میں آکر گاڑی میں موجود ایف سی ڈرائیور زخمی ہوا جنھیں فوری طور پر بی ایم سی منتقل کردیا گیا۔
پولیس سرجن بی اہم سی ڈاکٹر علی مردان کے مطابق زخمی ڈرائیور کی حالت تشویشناک ہے جنھیں اس وقت طبی امداد دی جارہی ہے، تاہم بعد میں زخمی اہلکار دوران علاج دم توڑ گیا۔