جان ابراہم کی ایک کروڑ پاؤنڈز کی سرمایہ کاری؟
ایسے وقت میں جب بولی وڈ سٹارز انڈین پریمئر لیگ کی فرنچائز ٹیموں میں بھاری سرمایہ کاری کر رہے ہیں، جان ابراہم ان سب سے آگے نکل گئے ہیں۔
ٹائمز آف انڈیا کو معلوم ہوا ہے کہ ابراہم کی موٹو جی پی میں ایک ٹیم کا کچھ حصہ خریدنے کے لیے بات چیت حتمی مراحل میں داخل ہوچکی ہے۔
ذرائع کے مطابق، یہ ڈیل ایک کروڑ پاؤنڈز مالیت کی ہوسکتی ہے۔
دنیا بھر میں مشہور موٹر سائیکل روڈ ریسنگ موٹو جی پی میں انجن کی صلاحیت کی بنیاد پر تین اقسام ہوتی ہیں اور ابراہم پانچ سو سی سی صلاحیت والی دوسری کلاس (موٹو ٹو) میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
ڈیل کی معلومات رکھنے والے ایک ذرائع نے بتایا کہ ابراہم ان دنوں غیر ملکی ریسنگ ٹریکس پر بھر پور انداز میں ریس کر رہے ہیں اور وہ اس سرمایہ کاری کو لے کر بہت پرجوش ہیں۔
ایک اور ذرائع سے معلوم ہوا کہ اگر سب کچھ منصوبے کے تحت ہوا تو آئندہ چیمپئن شپ میں ہم ایسی ٹیم دیکھ سکتے ہیں جس میں جان ابراہم نے سرمایہ کاری کر رکھی ہوگی۔
بولی وڈ اداکار ان دنوں ڈیل کے لیے ضابطوں کو پورا کر رہے ہیں۔
اب تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ ابراہم کی موٹو جی پی کی کس ٹیم میں دلچسپی ہے، تاہم وہ مستقبل میں اس ٹیم کو انڈیا میں متعارف کرانے اور موٹو جی پی ریسنگ کو فروغ دینے کا بھی منصوبہ رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ جان ابراہم نے ٹائمز آف انڈیا کے رابطہ کرنے پر اس خبر کی تصدیق کی ہے۔