• KHI: Zuhr 12:33pm Asr 4:15pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:29pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm
  • KHI: Zuhr 12:33pm Asr 4:15pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:29pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm

طلاق کے بعد ڈپریشن میں چلی گئی تھی، حبا علی خان

شائع July 12, 2024
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

اداکارہ حبا علی خان نے انکشاف کیا ہے کہ طلاق کے بعد وہ شدید ڈپریشن کا شکار ہوگئی تھیں اور کئی سال تک وہ ذہنی مسائل کا شکار رہیں۔

حبا علی خان نے حال ہی میں فوچیا میگزین کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے کیریئر سمیت پہلی بار ذاتی زندگی پر کھل کر بات کی۔

اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے کیریئر کے آغاز میں ہی شادی کرلی تھی، جس کے بعد انہوں نے اداکاری سے کچھ وقت تک وقفہ لیا۔

ان کے مطابق اداکاری شروع کرنے کے چار سال بعد انہوں نے شادی کی، جس کے بعد انہوں نے شوبز کو کچھ وقت کے لیے خیرباد کہ دیا تھا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ شادی کے بعد انہوں نے چند سال تک شوبز میں واپس آنے کا نہیں سوچا، پھر ان کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی تو انہوں نے مزید وقت تک وقفہ لیا اور پھر کچھ ہی عرصے بعد ان کی طلاق ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی شادی محض 6 سال چلی اور انہوں نے شوہر کے ساتھ رات کے کھانے پر طلاق کے معاملات طے کیے تھے، ان کے درمیان زیادہ اختلافات نہیں تھے لیکن اس باوجود ان کی شادی نہ چل سکی۔

حبا علی خان کے مطابق ان کے سابق شوہر سے اچھے تعلقات ہیں اور شادی کے وقت بھی دونوں کے درمیان اچھے تعلقات تھے، لازمی نہیں کہ دونوں افراد میں سے کوئی غلط ہو تو طلاق ہوجائے۔

انہوں نے بتایا کہ طلاق کے بعد لوگوں نے انہیں طرح طرح کی باتیں بتائیں کہ اگر انہوں نے دوسری شادی کی تو ان کا بچہ رل جائے گا اور اب وہ کیسے تنہا بچے کو پالیں گی، ان کے اخراجات کہاں سے لائیں گی؟

اداکارہ کا کہنا تھا کہ طلاق کے بعد لوگوں کی باتیں سننے کے بعد وہ ڈپریشن میں چل گئیں اور کچھ سال تک مزید شوبز میں نہ آنے کا فیصلہ کیا۔

حبا علی خان نے بتایا کہ اب ان کا بیٹا جوان ہو چکا ہے اور انہوں نے کبھی دوسری شادی کرنے کا نہیں سوچا۔

ایک سوال پر حبا علی خان نے کہا کہ وہ اب بھی سوچتی ہیں کہ ایک تو انہیں شادی نہیں کرنی چاہیے تھی، دوسرا اگر انہوں نے شادی کی تو اسے ہر حال میں کامیاب بنانا چاہیے تھا۔

انہوں نے یہ بھی اعتراف کیا کہ وہ اکثر سوچتی ہیں کہ ممکن ہے کہ بہت سارے معاملات میں وہ خود غلط ہوں، اس لیے وہ دوسروں پر الزام نہیں لگاتیں۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024